معروف بھارتی ریپر اور گلوکار یو یو ہنی سنگھ نے پاکستان آکر یہاں پرفارم کرنے کی خواہش کا اظہار کردیا۔
یو یو ہنی سنگھ حال ہی میں متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں ہونے والے آئیفا ایوارڈز کی تقریب میں شریک ہوئے،
صحافیوں نے ان سے پاکستانی مداحوں اور گلوکاروں سے متعلق سوال کیا اور ان کے جواب کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔
وائرل ہونے والی مختصر ویڈیو میں ہنی سنگھ نے پاکستانی مداحوں کو مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ وہ ان کے لیے دعا کریں کہ وہ جلد پاکستان آئیں۔
ان کا کہنا تھا کہ وہ پاکستان آکر وہاں مداحوں کے لیے پرفارم کرنا چاہتے ہیں اور ان کی خواہش ہے کہ وہ وہاں جائیں اور مداح ان کے لیے دعا کریں۔
پاکستان سے پسندیدہ گلوکار کے سوال پر ہنی سنگھ نے متعدد گلوکاروں اور فنکاروں کا نام لیتے ہوئے انہیں اپنا پسندیدہ قرار دیا۔
ہنی سنگھ کا کہنا تھا کہ بچپن سے انہیں استاد نصرت فتح علی خان پسند ہیں جب کہ انہوں نے دیگر متعدد فنکاروں کو بھی اپنا پسندیدہ قرار دیا۔
ان کے مطابق پاکستان سے ان کے بہت سارے پسندیدہ گلوکار ہیں، جن میں مہدی حسن، غلام علی، علی عظمت، عاطف اسلم، مہوش حیات اور صنم ماروی بھی شامل ہیں۔
انہوں نے مزید فنکاروں کے نام لیتے ہوئے بتایا کہ انہیں منصور ملنگی، الہ دتا لونیا والا اور ندیم عباس سکھیرا بھی انہیں پسند ہیں۔
ہنی سنگھ نے مزید کہا کہ پاکستان کا ایسا کون سا فنکار ہے جو انہیں پسند نہیں، تمام گلوکار بہت اچھے ہیں اور انہیں سب پسند ہیں۔
ہنی سنگھ کی جانب سے پاکستانی گلوکاروں کی تعریفیں کرنے کی ویڈیو وائرل ہوگئی اور ان کی جانب سے مہوش حیات کو بھی اچھا گلوکار کہنے پر لوگوں نے دلچسپ تبصرے بھی کیے۔