فلم ساز ندیم بیگ نے دعویٰ کیا ہے کہ بولی وڈ خانز یعنی سلمان، شاہ رخ اور عامر خان کے مقابلے ہمایوں سعید نہ صرف اچھے اداکار ہیں بلکہ وہ جسامت اور شخصیت میں بھی ان سے بہتر ہیں۔
ندیم بیگ نے حال ہی میں عفت عمر کو انٹرویو دیا، جس میں انہوں نے مختلف معاملات پر کھل کر بات کی۔
پروگرام کے دوران عفت عمر نے ان سے سوال کیا کہ کیا وہ ہمایوں سعید کے ساتھ ایکشن فلم کرنے والے ہیں؟ اس پر انہوں نے اثبات میں جواب دیتے ہوئے اعتراف کیا کہ ہاں وہ ان کے ساتھ ایکشن فلم کرنے والے ہیں۔
ان کی بات پر میزبان نے ان سے دریافت کیا کہ کیا پھر شائقین ہمایوں سعید میں سلمان، شاہ رخ اور عامر خان کی طرح فٹنیس اور ایکشن دیکھ پائیں گے؟
اس پر انہوں نے منطق پیش کی کہ ان کے خیال میں فٹنیس اور باڈی بلڈنگ کا بولی وڈ خانز کو نقصان ہوا ہے۔
فلم ساز نے کہا کہ اگر وہ بطور فلم ساز سلمان، شاہ رخ اور عامر خان کو نہیں جانتے اور ان کے سامنے تینوں کو کھڑا کرنے کے ساتھ ساتھ ہمایوں سعید کو کھڑا کیا جاتا تو وہ ہمایوں سعید کو ہی فلم میں کاسٹ کرتے۔
انہوں نے دلیل دی کہ ہمایوں سعید کی شخصیت، فٹنیس اور جسامت اچھی اور مختلف ہے جو انہیں سپر اسٹار بناتی ہے۔
ندیم بیگ کے مطابق وہ ہمایوں سعید کی جسامت اور شخصیت کی وجہ سے بولی وڈ خانز کے مقابلے انہیں کاسٹ کرتے، کیوں کہ وہ کردار میں خانز سے اچھے لگتے۔
ان کا کہنا تھا کہ جس طرح ہولی وڈ اور جنوبی بھارتی فلموں میں فٹنیس کے بجائے اداکاروں کو شخصیت اور جسامت کی وجہ سے کاسٹ کیا جاتا ہے، اسی طرح ہمایوں سعید بھی اپنی جسامت اور شخصیت کی وجہ سے اچھے لگتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ دراصل بولی وڈ خانز رومانوی ہیروز تھے اور اب رومانٹک فلموں کا دور ختم ہوچکا ہے، اس لیے اب وہ ایکشن کی طرف آ رہے ہیں لیکن اس میں انہیں کامیابی نہیں مل رہی۔
ندیم بیگ کے مطابق سلمان خان کسی حد تک ایکشن فلموں میں اپنی جسامت کی وجہ سے اچھے لگتے ہیں، شاہ رخ خان بھی بڑے محنت کر رہے ہیں لیکن عامر خان ایکشن فلموں میں اچھے نہیں لگتے۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر ان کے پاس بولی وڈ خانز کی فلموں جتنا بجٹ ہو اور ان کے پاس بولی وڈ جیسی ہی سہولیات ہوں اور وہ ہمایوں سعید کے ساتھ ایکشن فلم بنائیں تو وہ تینوں خانز کو پیچھے چھوڑ دے گا۔