قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان شان مسعود نے کہا ہے کہ انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں بہتر کارکردگی دکھانے کی کوشش کریں گے۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ بنگلادیش کے خلاف جو نتیجہ چاہتے تھے وہ نہیں آیا، تمام لڑکوں کو خراب کارکردگی کا دکھ ہے۔
انہوں نے کہا کہ کامیابی کے لیے کھلاڑیوں کو مسلسل مواقع فراہم کرنے پڑے گیں، خرم شہزاد ٹیم کا اہم جز ہیں اور بدقسمتی سے وہ انجری کا شکار ہوگئے ہیں،
ٹیسٹ کرکٹ میں آپ کو کارکردگی دکھانے کے لیے متواتر میچز چاہیے ہوتے ہیں۔
قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان کا کہنا تھا کہ پہلے ٹیسٹ کے لیے ٹیم کا اعلان کیا ہے لیکن ہمیں ملتان میں کنڈیشنز کا اندازہ نہیں، ہماری کوشش ہو گی پہلے ٹیسٹ میں اچھا آغاز کریں۔
شان مسعود کا کہنا تھا کہ کبھی یہ بات اچھی نہیں لگتی جب آپ کی ٹیم ہارتی ہے، بنگلہ دیش اور آسٹریلیا کے خلاف سیریز میں اچھا آغاز نہیں ہوا،
آسٹریلیا سے کھیل کر آنے کے بعد ہم نے بہت ساری ایسی چیزیں دیکھی جو ہمیں مثبت لگیں لیکن ہمیں بنگلہ دیش کے خلاف سیریز میں نتیجہ کے طور پر وہ چیزیں دیکھنے کو نہیں ملیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں غلطیوں سے سیکھنا ہوگا، ٹیسٹ کرکٹ آپ سے جسمانی اور ذہنی طور پر مضبوط رہنے کی ڈیمانڈ کرتی ہے، ہمیں ان چیزوں کو بطور ٹیم بہتر کرنا ہوگا۔