مقبول اداکارہ حبا بخاری اور ان کے شوہر آرز احمد نے اپنے ہاں بچوں کی پیدائش سمیت دیگر معاملات کی جھوٹی خبریں سوشل میڈیا پر پھیلانے پر رد عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ یوٹیوب پر ان کے چار سے پانچ بچے کرائے جا چکے ہیں۔
آرز احمد اور حبا بخاری نے حال ہی میں یوٹیوب ولاگ میں خود سے متعلق پھیلنے والی جھوٹی خبروں اور افواہوں پر بات کی اور اس بات پر اظہار افسوس کیا کہ لوگ چند کلکس اور پیسوں کی خاطر ان کی زندگی عذاب بنا رہے ہیں۔
یوٹیوب ولاگ کے دوران دونوں میاں اور بیوی کو کار میں سفر کرنے سمیت ایک پارک میں بیٹھ کر مختلف مسائل پر بات کرتا دیکھا جا سکتا ہے۔
ان ہی کے ولاگ کی اپنے بچوں سے متعلق پھیلنے والی افواہوں پر ان کی مختصر ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
مذکورہ ویڈیو میں آرز احمد اہلیہ کو بتاتے ہیں کہ آسٹریلیا سے ایک دوست نے انہیں ایک یوٹیوب ویڈیو بھیجی، جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ حبا بخاری کے ہاں بیٹے کی پیدائش ہوگئی۔
انہوں نے کہا مذکورہ خبر کی ویڈیو میں کسی خاتون کے چہرے کے اوپر حبا بخاری کا چہرہ لگایا گیا تھا اور خاتون کو ہسپتال کے بسترے پر بچے کے ساتھ دکھا کر دعویٰ کیا گیا تھا کہ اداکارہ کے ہاں بچہ ہوگیا۔
آرز احمد کا کہنا تھا کہ مذکورہ بچہ یوٹیوب پر ان کا چوتھا یا پانچواں بچہ تھا، جس پر حبا بخاری نے اظہار افسوس بھی کیا۔
ساتھ ہی حبا بخاری نے کہا کہ یوٹیوب پر ان کا سب سے اچھا بچہ کون سا تھا؟ جس پر شوہر نے ان سے پوچھا کہ کون سا تھا؟
اس پر حبا بخاری نے کہا کہ شادی کے تیسرے یا چوتھے مہینے ہی یوٹیوب پر ہمارا بچہ کروادیا گیا تھا، وہ والا سب سے اچھا تھا۔
اداکارہ نے اپنے ہاں بچوں کی پیدائش کی جھوٹی خبروں کو خطرناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہیں ایسی خبروں سے بہت ڈر لگتا ہے اور وہ ایسی خبروں پر اس لیے بھی رد عمل نہیں دیتیں کہ وہ اپنے دفاع میں کیا کہیں؟
ان کا کہنا تھا کہ انہیں ایسی خبروں پر رد عمل دینے سے اس لیے بھی ڈر لگتا ہے کہ ان کے مداح ان کا رد عمل سن کو مزید ناراض نہ ہوجائیں یا پھر ان سے متعلق مزید جھوٹی خبریں نہ پھیلائی جائیں۔
اسی دوران آرز احمد نے بتایا کہ ایک بار یوٹیوب پر ان کے ہاں بچے کی پیدائش کی ویڈیو دیکھ کر ایک دوست نے ان کے والد کو فون کیا اور طعنہ دیا کہ انہوں نے اپنے ہاں پوتے کی پیدائش کی اطلاع انہیں کیوں نہیں دی؟
اس پر حبا بخاری نے کہا کہ وہ تو ان کا پیار تھا لیکن ایسی جھوٹی خبریں پھیلانا خطرناک ہے اور انہیں ایسی خبروں سے ڈر لگتا ہے۔
اگرچہ یوٹیوب ویڈیو میں انہوں نے دوسرے معاملات پر بھی کھل کر بات کی لیکن انہون نے حال ہی میں نادیہ خان کی جانب سے کیے گئے حبا بخاری کے حاملہ ہونے کے دعوے پر بات نہیں کی۔
نادیہ خان نے چند دن قبل دعویٰ کیا تھا کہ حبا بخاری حمل سے ہیں اور انہیں یہ بات آرز احمد نے بتائی تھی لیکن ابھی تک حبا بخاری اور آرز احمد نے مذکورہ معاملے پر وضاحت نہیں کی۔