معروف اداکار سلمان ثاقب شیخ المعروف مانی نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے ٹی وی اسکرین پر آنے سے قبل بعض اداکاراؤں سے سیٹنگ کر رکھی تھی، جن میں سے ایک، دو بعد میں معروف اداکارائیں بھی بنیں۔
مانی نے حال ہی میں یاسر نواز، ندا یاسر اور دانش نواز کے پوڈکاسٹ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے مختلف معاملات پر کھل کر بات کی۔
مانی کی جانب سے پروگرام میں اپنی گرل فرینڈز سے متعلق کی گئی بات کی مختصر ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی، جس میں اداکار دعویٰ کرتے دکھائی دیتے ہیں کہ انہوں نے بعض اداکاراؤں کو ٹی وی اسکرین پر آنے سے قبل ہی سیٹ کر رکھا تھا۔
زندگی کی پہلی گرل فرینڈ سے متعلق پوچھے گئے سوال پر مانی نے کہا کہ انہیں اچھی طرح یاد نہیں لیکن ان کے محلے میں بہت ساری لڑکیاں آتی تھیں، ان میں سے بعض اداکارائیں بھی تھیں۔
مانی کے مطابق انہوں نے چند لڑکیوں سے سیٹنگ کر رکھی تھی، ان میں سے ایک، دو تو آج کل کی معروف اداکارائیں بھی ہیں۔
جب ان سے معروف اداکاراؤں کے نام پوچھے گئے تو انہوں نے کسی کا نام لینے سے گریز کیا اور ساتھ ہی کہا کہ ان کی اہلیہ حرا مانی کو ہر بات کا علم ہے۔
اداکار نے اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے لڑکپن اور نوجوانی کے قصے بتائے اور بتایا کہ جب وہ کالج میں پڑھتے تھے تو اپنے کسی دوست کے ساتھ اس کی گرل فرینڈ سے اس امید پر ملنے جاتےتھے کہ ان کے دوست کی گرل فرینڈ کوئی نہ کوئی خوبصورت سہیلی ساتھ میں لے کر آئے گی۔
انہوں نے بتایا کہ لیکن ہر بار ان کے دوست کی گرل فرینڈز اپنے ساتھ عجیب سے سہیلیاں لاتی تھیں، اس پر یاسر نواز نے مسکراتے ہوئے کہا کہ وہ سہیلیاں بھی یہی سوچتی ہوں گی کہ ان کی دوست کے بوائے فرینڈ کیسا لڑکا ساتھ لے کر آئے ہیں؟
اس پر مانی نے اعتراف کیا کہ بالکل وہ ایسا ہی سوچتی ہوں گی، کیوں کہ اس وقت وہ چھلی ہوئی پینسل کی طرح پتلے اور کمزور دکھتے تھے۔
مانی نے یہ بھی بتایا کہ ایک بار ان سے اہلیہ حرا مانی نے کسی خاتون دوست سے متعلق پوچھ لیا کہ وہ انہیں جانتے ہیں؟
ان کے مطابق اہلیہ کے سوال پر ان کے پسینے چھوٹ گئے، کیوں کہ انہوں نے ان سے اس طرح سوال کیا کہ وہ پھنس گئے۔
مانی کا کہنا تھا کہ ان کی اہلیہ حرا مانی کا سینس تیز ہے، وہ چیزوں اور باتوں کو جلدی پکڑ لیتی ہیں۔