سوشل شیئرنگ ایپلی کیشن انسٹاگرام نے خاموشی سے نیا فیچر پیش کردیا، جس کے تحت اب کسی بھی پوسٹ میں 20 تصاویر اور ویڈیوز کو شامل کیا جا سکے گا۔
اس سے قبل انسٹاگرام کی پوسٹ میں 10 تصاویر اور ویڈیوز کو شیئر کرنا ممکن تھا لیکن اب ایپلی کیشن انتظامیہ نے اس کی تعداد بڑھا دی۔
ساتھ ہی انسٹاگرام کی جانب سے ایک ہی پوسٹ کو متعدد افراد کی جانب سے پوسٹ کیے جانے کا آپشن بھی دے دیا گیا۔
یعنی اگر تین سے چار صارفین ایک ہی پوسٹ کو ایک ساتھ اپنی پروفائیل پر شیئر کرنا چاہیں تو صرف دوسرے صارف کو مینشن کرنے سے ہی اس کے پاس یہ آپشن ہوگا کہ وہ بھی اس پوسٹ میں اپنی تصاویر شامل کر سکے۔
مذکورہ فیچر کے تحت اگر کسی ایک پوسٹ میں تین مختلف صارف مل کر 20 تصاویر اور ویڈیوز شیئر کرنا چاہیں تو بھی یہ ممکن ہوگا اور اس ضمن میں صرف صارفین ایک دوسرے کے اکاؤنٹس مذکورہ پوسٹ میں مینشن کریں گے۔
اگرچہ انسٹاگرام نے مذکورہ فیچر کو خاموشی سے پیش کردیا، تاہم فوری طور پر مذکورہ فیچر تک تمام صارفین کو رسائی نہیں دی گئی۔
ایپلی کیشن انتظامیہ کے مطابق ترتیب وار مذکورہ فیچر تک تمام صارفین کو رسائی دی جائے گی۔