نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کو پیش کی گئی رپورٹ میں کے الیکٹرک سمیت تمام بجلی تقسیم کار کمپنیاں زائد بلوں میں ملوث قرار دیا گیا ہے، نیپرا نے تمام کمپنیوں سے زائد بلنگ پر وضاحت طلب کر لی۔
صارفین کو زائد بل موصول ہونے کے معاملے پر نیپرا افسران کی رپورٹ اتھارٹی کو پیش کردی گئی، یہ رپورٹ اپریل سے جون 2024 کے دوران زائد بلوں سے متعلق تھی۔
ترجمان نیپرا کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ رپورٹ میں تمام بجلی تقسیم کار کمپنیاں بشمول کے الیکٹرک زائد بلنگ میں ملوث پائی گئی ہیں۔
نیپرا نے کے الیکٹرک سمیت تمام بجلی تقسیم کار کمپنیوں سے زائد بلنگ پر وضاحت طلب کرلی، جب کہ رپورٹ کی روشنی میں تمام تقسیم کار کمپنیوں کو ہدایات جاری کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔
نیپرا نے کہا کہ اپریل سے جون 2024 کے مقررہ بلنگ مہینوں سے کم ریڈنگ کے لیے تناسب کی بنیاد پر وصول کیے گئے، صارفین کو ریکارڈ شدہ اصل یونٹس کے ساتھ ایڈجسٹ کیا جائے گا۔
نیپرا نے ہدایت کی کہ اوسط بلنگ سے بچنے کے لیے فوری طور پر خراب میٹروں کو تبدیل کیا جائے، جو صارفین بل ادا نہیں کرسکے ان پر لیٹ پیمنٹ سرچارج نہیں لگایا جائے گا، جن صارفین نے ایل پی ایس کے ساتھ بلوں کی ادائیگی کی ہے انہیں بھی ایڈجسٹ کیا جائے۔
نیپرا نے تمام بجلی کمپنیوں کو میٹر ریڈنگ میں کنزیومر سروسز مینول کی شقوں پر عمل کرنے کی ہدایت کردی، جب کہ تمام ہدایات کی تعمیل کی رپورٹ 30 دنوں کے اندر جمع کرائی جائے۔