فلوریڈا کے شہر لاڈرہل سے پاکستان کرکٹ ٹیم کے لیے اچھی خبر آگئی، آج امریکا اور آئرلینڈ کے درمیان ہونے والے فیصلہ کُن میچ میں بارش کے امکانات صرف 20 فیصد رہ گئے۔
آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے نویں ایڈیشن میں گروپ اسٹیج اپنے آخری مراحل ہے۔ آج گروپ اے میں امریکا اور آئرلینڈ کی ٹیمیں لاڈرہل کے بروورڈ کاؤنٹی اسٹیڈیم میں مدِمقابل آئیں گی۔
گروپ اے میں پہلے ہی بھارت کی ٹیم سُپر ایٹ مرحلے کے لیے کوالیفائی کرچکی ہے۔ پاکستان کو کوالیفائی کرنے کے لیے آج امریکا اور آئرلینڈ میچ میں میزبان ٹیم کی شکست کی ضرورت ہے۔
فلوریڈا میں گزشتہ دو دن سے طوفانی بارشوں کا سلسلہ جاری تھا جس کے بعد ایمرجنسی بھی نافذ کردی گئی تھی۔ تاہم اب لاڈرہل میں بارش کے امکانات 90 فیصد سے کم ہوکر صرف 20 فیصد رہ گئے ہیں۔
لاڈرہل میں دن بارہ بجے کے قریب بارش کا 30 فیصد جبکہ میچ کے دوران بارش کا امکان صرف 20 فیصد رہ گیا۔ امریکا آئرلینڈ میچ پاکستانی وقت کے مطابق ساڑھے 7 بجے کھیلا جانا ہے۔
آج کا میچ واش آؤٹ ہونے کی صورت میں امریکا باآسانی اگلے مرحلے میں چلا جائے گا جبکہ پاکستان سفر یہیں اختتام ہوجائے گا۔