حکومت نے ٹیکس نہ دینے والے شہریوں کے بیرون ملک سفر پر پابندی لگانے کا فیصلہ کر لیا۔
فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے چیئرمین نے کہا ہے کہ نان فائلر کے بیرون ملک سفر پر پابندی کی بھی تجویز دی گئی ہے۔ اب ٹیکس گوشوارے جمع نہ کروانے والے لوگ بیرون ملک سفر نہیں کرسکیں گے البتہ حج و عمرہ اور تعلیمی سفر کے لیے انہیں چھوٹ ہوگی۔
گزشتہ روز وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے قومی اسمبلی میں بجٹ 25-2024 پیش کیا۔ فروری 2024 کے انتخابات کے بعد مخلوط حکومت کا یہ پہلا بجٹ ہے۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ کچھ عرصہ پہلے پاکستان کی معیشت کو مشکلات کا سامنا تھا اور محض ایک سال میں روپے کی قدر میں 10 فیصد کمی ہوئی تھی۔ سیاسی اور معاشی چیلنجز کے باوجود حکومت کی معاشی طور پر پیشرفت متاثر کن رہی۔
ان کا کہنا تھا کہ تمام اراکین اسمبلی سے گزارش کرتا ہوں معاشی ترقی کی راہ میں حکومت کی معاونت کریں۔ مہنگائی کی وجہ سے لوگوں کی قوت خرید متاثر ہوئی اور تنخواہ دار طبقہ مہنگائی سے خاص طور پر متاثر ہوا ہے۔