google.com, pub-3199947851844297, DIRECT, f08c47fec0942fa0 قومی اسمبلی کی 5، صوبائی کی 16 نشستوں پر ضمنی انتخابات، پولنگ جاری - UrduLead
منگل , دسمبر 24 2024

قومی اسمبلی کی 5، صوبائی کی 16 نشستوں پر ضمنی انتخابات، پولنگ جاری

ملک کے مختلف علاقوں میں ضمنی انتخابات کے لیے پولنگ جاری ہے۔

قومی اسمبلی کی 5 اور صوبائی اسمبلی کی 16 نشستوں پر ووٹنگ کا عمل شام 5 بجے تک جاری رہے گا۔

قومی اسمبلی کے جن حلقوں میں ضمنی انتخاب ہو رہا ہے ان میں پنجاب کے 2، خیبر پختون خوا کے 2 اور سندھ کا 1 حلقہ شامل ہے۔

صوبائی اسمبلیوں کی جن نشستوں پر ضمنی الیکشن ہو رہا ہے ان میں پنجاب اسمبلی کی 12، بلوچستان اور سندھ کی 2، 2 نشستیں شامل ہیں۔

لاہور کے حلقے این اے 119 میں سنی اتحاد کونسل اور ن لیگ کے کارکنوں میں جھگڑا ہو گیا۔

پولیس کے مطابق تصادم پولنگ اسٹیشن نمبر 171 لاہور کالج میں ہوا، کارکنان نے ایک دوسرے کو گریبان پکڑ کر گھسیٹا۔

پولیس کے مطابق جھگڑا کرنے والے کارکنوں کو اپنے کیمپ میں لے گئے اور جھگڑا ختم کروا دیا۔

پنجاب اسمبلی کے حلقے پی پی 149 شعیب صدیقی کے مرکزی دفتر میں کارکنوں کے لیے ناشتے کا اہتمام کیا گیا، پولنگ اسٹیشن میں ڈیوٹی پر موجود ورکرز کو بھی ناشتہ بھیجوایا گیا۔

وزیر آباد کے حلقے پی پی 36 میں ن لیگ کے ووٹرز نے مزے دار ناشتہ کیا، ووٹرز کی مرغ چنے، دیسی مرغ اور مزیدار حلوہ پوری سے تواضع کی گئی جبکہ ناشتے میں گرما گرم پراٹھے، آملیٹ اور لسی بھی شامل تھی۔

پی پی 164میں پولنگ اسٹیشن 75 پر میڈیا کو کوریج کی اجازت نہیں دی جا رہی۔

وہاں متعین سیکیورٹی اہلکار کے مطابق الیکشن کمیشن نے ووٹرز کے سوا کسی کو اندر جانے سے منع کر رکھا ہے، الیکشن کمیشن خود اندر کی فوٹیج جاری کرے گا۔

لاہور کے حلقے این اے 119 کی نشست وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی خالی کردہ ہے جبکہ پی پی 147 کی نشست ن لیگ کے حمزہ شہباز نے خالی کی۔

پی پی 149 کی سیٹ استحکام پاکستان پارٹی کے عبدالعلیم خان نے خالی کی ہے، حلقہ پی پی 158 کی سیٹ وزیرِ اعظم شہباز شریف نے خالی کی ہے جبکہ  پی پی 164 کی سیٹ بھی شہباز شریف نے خالی کی تھی۔

وزارت داخلہ کی ہدایات کی روشنی میں ضمنی انتخابات کے دوران پنجاب اور بلوچستان کے چند اضلاع میں موبائل فون سروس عارضی طور پر معطل رہے گی، تاہم لینڈ لائن نیٹ سروسز بحال رہیں گی۔

آج ضمنی انتخابات کے موقع پر لاہور کے مختلف علاقوں میں انٹرنیٹ سروس جزوی طور پر معطل ہو گئی۔

لاہور کے علاقوں نسبت روڈ، موچی دروازہ، گوالمنڈی، مصری شاہ، داتا نگر، ڈیوس روڈ، شاہ عالم مارکیٹ کے علاقوں میں انٹرنیٹ سروس متاثر ہوئی ہے۔

اس کے علاوہ ریلوےروڈ فیض پارک، ویلنشیا ٹاؤن، واپڈا ٹاؤن، کاہنہ اور فیروز پور روڈ کے چند علاقوں میں انٹرنیٹ سروس جزوی طور پر معطل ہے۔

الیکشن کمیشن کی درخواست پر وفاقی حکومت نے سول آرمڈ فورسز اور فوج تعینات کرنے کی منظوری دے دی ہے۔

رپورٹس کے مطابق پولیس سیکیورٹی پہلے، سول آرمڈ فورسز دوسرے جبکہ پاک فوج کے اہلکار تیسرے حصار میں فرائض انجام دیں گے۔

الیکشن کمیشن نےضمنی انتخابات کے لیے پولیس، پاک فوج، سول آرمڈ فورسز کے اہلکاروں کے لیے ضابطۂ اخلاق جاری کر دیا۔

ضابطۂ اخلاق کے تحت ضمنی انتخابات کے دوران پاک فوج اور آرمڈ فورسز کے اہلکار انتخابی عملے کے اختیارات اپنے ہاتھ میں نہیں لیں گے۔

ووٹوں کی گنتی کے دوران پاک فوج اور سول آرمڈ فورسز کے اہلکار کوئی مداخلت نہیں کریں گے۔

ضابطۂ اخلاق کے مطابق کسی بے ضابطگی کی صورت میں پاک فوج کے اہلکار پریزائیڈنگ افسر کو مطلع کریں گے، پریزائیڈنگ افسر کے ایکشن نہ لینے پر پاک فوج کے اہلکار ریٹرننگ افسر کو بے ضابطگی سے آگاہ کریں گے۔

پاک فوج اورسول آرمڈ فورسز کے اہلکار کسی ووٹر کو پولنگ اسٹیشن میں داخل ہونے سے نہیں روکیں گے۔

ضمنی الیکشن میں پنجاب میں 40 لاکھ 44 ہزار سے زائد ووٹرز حق رائے دہی استعمال کریں گے۔

پولیس کے مطابق پنجاب کے 2599 پولنگ اسٹیشنز میں سے 419 انتہائی حساس اور 1081 حساس قرار دے گئے ہیں۔

آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انوار کا کہنا ہے کہ لاہور سمیت صوبے بھر میں سیکیورٹی بڑھا دی گئی ہے، امن دشمن عناصر پر کڑی نظر ہے، کسی کو الیکشن عمل میں رکاوٹ ڈالنے نہیں دیں گے۔

ڈاکٹر عثمان انوار نے کہا کہ سیکیورٹی اداروں کے تعاون سے پُرامن اور شفاف پولنگ یقینی بنائیں گے، پنجاب بھر میں دفعہ 144 نافذ ہے، اسلحے کی نمائش، ہوائی فائرنگ اور لڑائی جھگڑے پر بلاتفریق کارروائی ہو گی۔

About Aftab Ahmed

Check Also

ملک کاروبار دوست نہیں رہا: پاکستان بزنس فورم

پاکستان بزنس فورم نے سال 2024 کو بزنس کمیونٹی اور عوام کے لیے مشکل ترین …