قومی اسمبلی کے 5 اور 16 صوبائی حلقوں میں ضمنی انتخابات کل 21 اپریل کو ہوں گے، پولنگ صبح 8 سے شام 5 بجے تک ہوگی۔
الیکشن کمیشن کے مطابق بلوچستان میں پی بی 50 قلعہ عبداللہ میں ری پولنگ بھی 21اپریل کو ہوگی جبکہ این اے 8 باجوڑ، این اے 44 ڈی آئی خان، این اے 119 لاہور، این اے 132 قصور اور این اے 196 قمبر شہداد کوٹ میں ضمنی انتخاب ہوگا۔
پنجاب سے 12 صوبائی حلقوں کے ضمنی انتخابات میں 174 امیدوار میدان میں ہیں جہاں ووٹرز کی تعداد 40 لاکھ 44 ہزار 552 ہے اور پنجاب میں 2 ہزار 601 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں۔
الیکشن کمیشن کے مطابق خیبرپختونخوا کے 2 صوبائی حلقوں کے ضمنی انتخابات میں 14 لاکھ 71 ہزار ووٹرز ہیں اور یہاں 49 امیدوار میدان میں ہیں جس کے لیے 892 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں جن میں سے 139حساس ہیں۔
سندھ میں این اے 196 میں 2 امیدوار میدان میں ہیں، یہاں 4 لاکھ 23 ہزار 781 ووٹرز حق رائے دہی استعمال کریں گے اور یہاں 303 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں جن میں سے 158 حساس ہیں۔
الیکشن کمیشن کے مطابق بلوچستان میں 2 صوبائی حلقوں 20 اور 22 میں ضمنی الیکشن ہوگا، صوبے میں 3 لاکھ 96 ہزار246 ووٹرز حق رائے دہی استعمال کریں گے، 354 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں۔