پاکستانی انڈسٹری کے مقبول ڈرامہ ’’ عشق مرشد ‘‘ کی آخری قسط کو بڑے پردے پر دکھائے جانے کا امکان ہے۔
ڈرامہ ’ عشق مرشد ‘ گزشتہ برس اکتوبر سے نجی ٹی وی پر نشر ہورہا ہے اور 14 اپریل کو ڈرامہ کی 28 قسط نشر کی گئی تھی ، اب سوشل میڈیا پر ڈرامے کی آخری قسط کے حوالے سے خبریں زیر گردش ہیں کہ وہ سینما گھروں میں دکھائی جائے گی۔
ٹیلی ویژن سیریل نے اپنی منفرد اور رومانوی کہانی کے باعث وسیع پیمانے پر تعریف حاصل کی ہے اور ڈرامے کی ہر قسط ریلیز کے چند گھنٹوں کے اندر ہی یوٹیوب پر لاکھوں ویوز حاصل کر لیتی ہے۔
فاروق رند کی ہدایت کاری اور عبدالخالق خان کے تحریر کردہ اس ڈرامے میں اداکارہ درفشاں سلیم اور اداکار بلال عباس خان مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں۔
بعض رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا کہ اپنی مقبولیت میں اضافے کے ساتھ ڈرامے نے کامیابی کے ریکارڈ توڑ دیے ہیں اور گزشتہ دو سالوں میں نشر ہونے والے ڈراموں کے ناظرین کی تعداد کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
مختلف شوبز ویب سائٹس اور سوشل میڈیا پیجز کے مطابق عشق مرشد کی آخری قسط کو سینماؤں میں دکھانے کے حوالے سے بعض سینماؤں میں پوسٹرز آویزاں کردیے گئے ہیں۔
کراچی کے سینماؤں کے وائرل ہونے والے پوسٹرز کے مطابق عشق مرشد کی آخری قسط 3 مئی کو سینماؤں میں دکھائی جائے گی۔