عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی جانب سے تجویز کردہ اصلاحات پر عمل درآمد کرتے ہوئے نجکاری کمیشن نے پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کے 51 فیصد سے لے کر 100 فیصد تک شیئرز فروخت کر رہا ہے۔
پی آئی اے کی نجکاری کا غیر مقبول فیصلہ کرنے سے منتخب حکومتیں دور رہی ہیں لیکن اس معاملے پر پیش رفت سے آئی ایم ایف کے ساتھ مزید فنڈنگ سے متعلق مذاکرات کو آگے بڑھانے میں مدد ملے گی۔
ایک اخباری اشتہار میں نجکاری کمیشن نے پی آئی اے کے شیئرز کی خدیداری کے لیے بولیاں طلب کرتے ہوئے 3 مئی کی ڈیڈ لائن مقرر کی ہے اور ’ای وائے کنسلٹنگ‘ فرم کو اس معاہدے کے لیے مالیاتی مشیر مقرر کیا ہے۔
نجکاری کمیشن نے مزید کہا کہ اس کا مقصد اس حوالے سے تمام مراحل مکمل کرنے کے بعد شپئر پرائس ڈیل معاہدے پر 24 جون تک دستخط کرنا ہے، تنظیم نو شدہ پی آئی اے فل سروس ایئر لائن میں سرمایہ کاری کا موقع ہے۔
نجکاری کمیشن کا کہنا ہے کہ پی آئی اے 23 فیصد شیئر کے ساتھ پاکستان کی ایوی ایشن مارکیٹ میں سب سے بڑا شراکت دار ہے، اور ایئر لائن مزید ترقی کرکے 30 فیصد کی تاریخی سطح سے بھی آگے بڑھ سکتی ہے۔
17 ایئربس اے 320،12 بوئنگ 7777 بی اور 5 اے ٹی آر پر مشتمل 34 طیاروں کے بیڑے کے ساتھ ایئر لائن مڈل ایسٹ ممالک کے لیے براہ راست پروازوں کی عدم موجودگی کی وجہ سے مسافروں سے محروم رہتی ہے جب کہ یہ ممالک مارکیٹ شیئر کا 60 فیصد ہے۔
پی آئی اے کے 87 ممالک کے ساتھ فضائی سروس کے معاہدے ہیں جن میں لندن ہیتھرو ایئر پورٹ جیسے اہم مقامات پر لیندنگ سلاٹ ہیں۔