مقبول اداکار آرز احمد نے اعتراف کیا ہے کہ ان کی اہلیہ اداکارہ حبا بخاری ان سے زیادہ پیسے کماتی ہیں۔
حال ہی میں دونوں ندا یاسر کے رمضان شو میں شریک ہوئے، جہاں دونوں نے کیریئر سمیت دیگر معاملات پر کھل کر باتیں کی۔
ایک سوال کے جواب میں دونوں نے اعتراف کیا کہ شادی کے بعد دونوں کی زندگی میں مثبت تبدیلیاں آئیں۔
حبا بخاری نے بتایا کہ ان کے مقابلے ان کے شوہر زیادہ پرسکون رہتے ہیں، وہ غصہ کم کرتے ہیں جب کہ وہ اہل خانہ کے ساتھ مل گھل جانے والے شخص ہیں۔
انہوں نے شوہر کی تعریفیں کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان سے بہتر اداکاری بھی کرتے ہیں، وہ زیادہ پروفیشنل ہیں۔
آرز احمد نے بھی بیوی کی تعریفیں کرتے ہوئے کہا کہ شادی کے بعد ان میں ٹھہرائو آگیا ہے، پہلے وہ جلد بازی سے کام لیتی تھیں لیکن اب وہ ایسا نہیں کرتیں۔
ایک سوال کے جواب میں آرز احمد نے بتایا کہ بظاہر وہ پیسے بچانے کی کوشش کرتے ہیں لیکن بچا نہیں پاتے۔
ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ درحقیقت وہ اور ان کی اہلیہ دونوں ہی پیسے نہیں بچا پاتے لیکن ان کی بات پر جب حبا بخاری نے مداخلت کی تو آرز احمد نے اعتراف کیا کہ ان کی اہلیہ ان سے زیادہ پیسے کماتی ہیں۔
آرز احمد کا کہنا تھا کہ حبا بخاری ان کے مقابلے زیادہ پیسے کماتی ہیں، اس لیے ان کی بچت بھی زیادہ ہوتی ہے۔
ساتھ ہی آرز احمد نے میزبان ندا یاسر کو مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ کیا وہ اپنے شوہر اداکار یاسر نواز سے زیادہ پیسے نہیں کماتیں، جس پر میزبان نے ٹال مٹول سے کام لیا۔خیال رہے کہ حبا بخاری اور آرز احمد نے جنوری 2022 میں شادی کی تھی۔