سینئر اداکارہ بشریٰ انصاری نے حال ہی میں رمضان ٹرانسمیشن میں شرکت کی جہاں انہوں نے منفرد چادر اوڑھی جس پر نامور شاعر علامہ اقبال کے اشعار تحریر تھے، انہوں نے چادر اوڑھ کر اپنی تصویر شئیر کرتے ہوئے طنزیہ تبصرہ بھی کیا۔
بشریٰ انصاری نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام پر اپنی تصویر شئیر کی جس میں انہیں چادر اوڑھے دیکھا جاسکتا ہے، ساتھ ہی اداکارہ نے آگاہ کیا کہ انہوں نے نجی ٹی وی چینل کی رمضان ٹرانسمیشن میں شرکت کی تھی جہاں انہوں نے ایسی چادر اوڑھی ہے جس پر علامہ اقبال کی شاعری لکھی ہے۔
انہوں نے کیپشن میں طنزیہ انداز میں تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ ’اب اردو پڑھنی آتی ہوگی تو سمجھ آجائے گا‘۔
اداکارہ کا یہ تبصرہ بظاہر لاہور کے اچھرہ بازار میں گزشتہ ماہ پیش آنے والے خوفناک واقعے کی جانب اشارہ لگتا ہے، جہاں عربی حروف تہجی والا لباس پہننے پر مشتعل ہجوم نے خاتون پر توہین مذہب کا الزام لگایا تھا۔
پولیس کے مطابق خاتون اپنے شوہر کے ہمراہ شاپنگ کرنے گئی تھی، خاتون نے ایک لباس پہنا ہوا تھا جس میں کچھ عربی حروف تہجی لکھے ہوئے تھے جس پر لوگوں نے سخت ناپسندیدگی کا اظہار کیا اور خاتون سے فوری طور پر لباس کو تبدیل کرنے کا مطالبہ کیا۔
ہجوم نے الزام عائد کیا تھا کہ خاتون کے لباس کے پرنٹ پر قرآنی آیات لکھی ہیں۔
بعدازاں خاتون پولیس افسر اے ایس پی شہر بانو کی بروقت کارروائی نے صورتحال کو نہ صرف بگڑنے سے بچایا بلکہ خاتون کو بھی مشتعل ہجوم سے بحفاظت نکال لیا جس کے بعد پولیس نے متاثرہ خاتون کے ہمراہ ایک ویڈیو جاری کی جس میں خاتون نے مشتعل ہجوم کے الزامات کی تردید کی۔