
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پی ایس ایل کے 10ویں ایڈیشن کیلئے ستاروں سے بھرپور کمنٹری پینل کا اعلان کردیا۔
بورڈ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق انگلینڈ کے سابق کپتان سرالیسٹرکک، مارک نکولس، ڈومینک کارک، جے پی ڈومینی، مائیک ہیزمین، مارٹن گپٹل اور اطہرعلی خان بھی کمنٹری کریں گے۔
2 بار کی ویمنز ورلڈکپ فاتح آسٹریلوی خاتون کرکٹر لیزا اسٹالکر بھی پہلی بار پی ایس ایل میں کمنٹری کے فرائض نبھائیں گی۔
اسی طرح پاکستان کے 4 سابق کپتان رمیز راجا، وسیم اکرم، وقاریونس اور عامر سہیل کے علاوہ بازید خان عروج ممتاز اور کرکٹ انالسٹ سکندر بخت بھی پی ایس ایل کمنٹری پینل میں شامل ہیں جبکہ وسیم اکرم کا پی ایس ایل میں بطور کمنٹیٹر ڈیبیو ہوگا۔
پی ایس ایل میں پہلی بار مکمل اردو کمنٹری کیلئے طارق سعید، علی یونس، عقیل ثمر، مرینہ اقبال اور سلمان بٹ اپنی ذمہ داریاں نبھائیں گے۔

معروف پریزینٹرز زینب عباس اور ایرن ہالینڈ میچز میں میزبانی کے فرائض سرانجام دیں گی۔
واضح رہے کہ پی ایس ایل 11 اپریل سے18 مئی تک لاہور کراچی راولپنڈی اور ملتان میں کھیلی جائے گی۔