
پاکستانی ڈراموں کی مشہور اداکارہ صحیفہ جبار نے سوشل میڈیا پر اپنی اور اپنے خاندان کی تصاویر شیئر نہ کرنے کے حوالے سے اپنی رائے کا اظہار کیا۔
ایک حالیہ انٹرویو میں میزبان اشنا شاہ نے ان سے سوال کیا کہ وہ اپنے شوہر یا فیملی کی تصاویر سوشل میڈیا پر کیوں نہیں شیئر کرتیں؟ صحیفہ جبار نے جواب دیا کہ ان کی شادی ایک ایسی تقریب تھی جس نے سوشل میڈیا پر خاصی توجہ حاصل کی۔
اداکارہ نے بتایا کہ ان کی شادی میں انڈسٹری کے چند قریبی دوستوں کو مدعو کیا گیا تھا، لیکن بات جلد ہی زیادہ لوگوں تک پہنچ گئی اور بالآخر یہ خبریں انڈسٹری کے بڑے ناموں تک جا پہنچی۔ ان کی شادی کی تصاویر وائرل ہوگئیں، جس سے ان کے خاندان کو کافی حیرت کا سامنا کرنا پڑا۔
صحیفہ جبار نے اس حوالے سے مزید کہا کہ شادی کے بعد انہیں مختلف پروگرامز میں شرکت کی دعوتیں ملیں، لیکن ان کے شوہر نے ہمیشہ اس سے انکار کیا۔
اداکارہ نے وضاحت کی کہ وہ خود بھی یہ نہیں چاہتیں کہ ان کے شوہر کو کسی پروگرام میں سامنے بٹھادیا جائے، حالانکہ دوسرے افراد کے لیے یہ بالکل معمول کی بات ہوسکتی ہے، مگر ان دونوں کی رائے اس حوالے سے مختلف ہے۔
صحیفہ جبار نے کہا کہ شروع میں وہ کبھی کبھار سوشل میڈیا پر تصاویر شیئر کیا کرتی تھیں، مگر وقت کے ساتھ ساتھ انہیں یہ احساس ہوا کہ ایسا کرنا ان کے لیے پریشانی کا سبب بن سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر مستقبل میں کوئی مسئلہ درپیش ہو تو پرانی اور نئی تصاویر خبری سرخیوں میں شامل ہو سکتی ہیں، اور وہ نہیں چاہتیں کہ ان کے خاندان کو ایسی کسی ذہنی تکلیف کا سامنا ہو۔
اداکارہ نے ایک اور اہم وجہ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے خاندان کی تصاویر سوشل میڈیا پر نہ شیئر کرنے کی ایک بڑی وجہ ”نظر“ بھی ہے، اور وہ اس سے بچنا چاہتی ہیں۔
یاد رہے کہ صحیفہ جبار نے دسمبر 2017 میں خواجہ خضر حسین سے شادی کی تھی، اور تقریباً تین سال بعد انہوں نے اپنی ویڈنگ فوٹو شوٹ کرایا تھا۔
ان کے درمیان کسی بھی علیحدگی یا اختلافات کی خبریں پچھلے کچھ وقت میں سامنے آئی تھیں، جنہیں اداکارہ نے سختی سے مسترد کر دیا تھا۔