
نیشنل ٹی20 کپ میں بابراعظم اور نسیم شاہ کی لاہور بلیوز کو کراچی کے ہاتھوں شکست کا منہ دیکھنا پڑگیا۔
قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے میچ میں فاسٹ بولر نسیم شاہ اور سابق کپتان بابراعظم نے فارم کے حصول کیلئے ڈومیسٹک کرکٹ کا رخ کیا تاہم یہاں بھی دونوں انٹرنیشنل پلئیرز اپنی ٹیم کو جیت دلوانے میں ناکام رہے۔
بابراعظم اور نسیم شاہ دونوں کو دورہ نیوزی لینڈ کیلئے آرام دیا گیا تھا کیونکہ مسلسل ناقص فارم کے باعث مشکلات کا شکار ہیں۔
چیمپئنز ٹرافی کے دوران دو اننگز میں 87 رنز بنانے والے بابر نے نیشنل ٹی20 کے اپنے دوسرے میچ میں لاہور کی نمائندگی کرتے ہوئے 17 گیندوں پر محض 22 رنز بنائے۔
دوسری جانب نسیم شاہ بھی خاطر خواہ کارکردگی دیکھانے میں ناکام رہے، انہوں نے 4 اوورز میں 41 رنز لٹائے اور کوئی وکٹ حاصل ںہ کرسکے۔
لاہور بلیوز کی ٹیم کراچی کیخلاف 172 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 18.5 اوورز میں 134 رنز پر ڈھیر ہوگئی، یہ لاہور بلیوز کی ٹورنامنٹ میں پہلی شکست ہے۔
کراچی وائٹس نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 171/5 کا مجموعی اسکور بنایا تھا، جس میں سعود شکیل 52 گیندوں پر 73 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔