
وزیرِاعظم شہباز شریف نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں موجودہ سطح پر برقرار رکھنے اور بجلی کے نرخوں میں نمایاں کمی کا عندیہ دیا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ عوام کو بڑا ریلیف فراہم کرنے کے لیے حکومت ایک جامع پیکج تیار کر رہی ہے، جس کا اعلان آئندہ چند ہفتوں میں کیا جائے گا۔
وزیرِاعظم نے کہا کہ بجلی کے نرخوں میں کمی کے لیے حتمی تفصیلات مرتب کی جا رہی ہیں، اور اس کا براہ راست فائدہ عوام کو پہنچے گا۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کے باوجود عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
وزیرِاعظم نے واضح کیا کہ حکومت سنبھالتے ہی عوامی ریلیف کو اپنی اولین ترجیح بنایا اور اسی عزم کے تحت بجلی کی قیمتوں میں کمی کے اس منصوبے پر کام ہو رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بجلی کی قیمت میں کمی کا اثر مجموعی طور پر مہنگائی پر بھی پڑے گا، جس سے عوام کو مزید سہولت حاصل ہوگی۔
وزیرِاعظم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ جلد ہی وہ خود قوم کو اس ریلیف پیکج کے حوالے سے آگاہ کریں گے، تاکہ عوام کو درپیش معاشی مشکلات کو کم کیا جا سکے۔