
پاکستانی ٹیلی ویژن پر رمضان ٹرانسمیشن مقدس مہینے کا ایک اہم حصّہ بن گئی ہے۔
ماہِ رمضان میں پاکستان کے تمام ٹی وی چینلز رمضان ٹرانسمیشن نشر کرتے ہیں جن میں اکثر مذہبی اسکالرز اور مشہور شخصیات شرکت کرتی ہیں۔
ان نشریات کا مقصد ہمدردی، خیرات اور روحانیت کی اقدار کو فروغ دیتے ہوئے ماہِ صیام کی اہمیت کے بارے میں آگاہی پھیلانا ہے۔
اس کے علاوہ ان نشریات میں مختلف مسائل پر گفتگو بھی کی جاتی ہے اور دین کی روشنی میں ان مسائل کا حل تلاش کرنے کے لیے مذہبی اسکالرز سے رہنمائی لی جاتی ہے۔
زیادہ تر ٹی وی چینلز پر رمضان ٹرانسمیشن کی میزبانی اداکار کرتے نظر آتے ہیں اور اب تک دانش تیمور، فیصل قریشی، احسن خان، عمر شہزاد اور بلال قریشی رمضان ٹرانسمیشن کی میزبانی کر چکے ہیں۔
اداکاروں کی رمضان ٹرانسمیشن کی میزبانی پر کئی لوگ تنقید کرتے بھی نظر آئے۔
ناقدین کا کہنا ہے کہ اداکار شوبز میں اپنی مقبولیت اور مہارت کے باوجود بھی ایسی ٹرانسمیشن کی میزبانی کرنے کی اہلیت یا سمجھ نہیں رکھتے جہاں مذہبی اور روحانی معاملات پر بات کی جائے۔
حال ہی میں اداکار فیصل قریشی نے ناقدین کو جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ لوگ رمضان ٹرانسمیشن کی میزبانی کرنے والے اداکاروں پر اعتراض کرتے ہیں اور یہ سوال کرتے ہیں کہ ’اب اداکار ہمیں اسلام سکھائیں گے؟‘
تو میرا جواب ہے کہ نہیں، ہم آپ کو دین سکھانے کا ارادہ نہیں رکھتے کیونکہ ہم ابھی خود سیکھنے کے مرحلے سے گزر رہے ہیں اور میں خود ہمیشہ رمضان ٹرانسمیشن میں آئے علماء سے سیکھنے کی کوشش کرتا ہوں۔
اُنہوں نے کہا کہ میں 4 سال سے رمضان ٹرانسمیشن کی میزبانی کر رہا ہوں اور اس تجربے سے سیکھ رہا ہوں۔
اداکار نے یہ بھی کہا کہ ایسے تجربے سے انسان زندگی کے مقصد کو سمجھتا ہے جیسے آج میں نے سورۂ رحمٰن سے یہ سیکھا کہ انصاف قائم کرنا کتنا ضروری ہے۔