
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) چیمپئنز ٹرافی میں بھی پاک بھارت ٹاکرے کا جنون سر چڑھ کر بولنے لگا، دبئی میں شیڈول میچ کے اضافی ٹکٹس بھی ڈیڑھ گھنٹے میں فروخت ہوگئے۔
آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں دبئی میں شیڈول روایتی حریف پاکستان اور بھارت کا میچ دیکھنے کے لیے شائقین بے تاب ہیں، یہی وجہ ہے کہ 23 فروری کو ہونے والے اس میچ کی ٹکٹس صرف ایک گھنٹے میں ہی فروخت ہوگئی تھیں۔
تاہم، شائقین کرکٹ کی دلچسپی کو مد نظر رکھتے ہوئے آئی سی سی نے اضافی ٹکٹس کی فروخت کا اعلان کیا۔
آئی سی سی کے اعلان کے فوراً بعد ہی ویب سائٹ پر پاک بھارت میچ دیکھنے کے لیے بے چین شائقین کا رش بڑھ گیا اور اضافی ٹکس بھی صرف ڈیڑھ گھنٹے میں فروخت ہوگئیں۔
غیر ملکی میڈیا نے دعوٰی کیا کہ 20 سے 30 ہزار شائقین نے آن لائن ٹکٹوں کے حصول کے لیے زور لگایا۔
خیال رہے کہ چیمپئنز ٹرافی کے ٹکٹوں کی کم سے کم قیمت 500 درہم یعنی 38 ہزار پاکستانی روپے تھی جسے مداحوں نے ہاتھوں ہاتھ خرید لیا تھا۔
اس کے علاوہ پاک بھارت ٹاکرے کے لیے مہنگا ترین ٹکٹ 12 ہزار 500 درہم رکھا گیا تھا وہ بھی فروخت ہوگیا جب کہ 1000، 1200، 2500، 5000 درہم کا ٹکٹ بھی فروخت کے لیے پیش کیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کا افتتاحی میچ صرف 3 دن بعد 19 فروری کو کراچی میں دفاعی چیمپئن پاکستان اور نیوزی لینڈ کے ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا۔
دوسری جانب، بھارت ایونٹ میں اپنا پہلا میچ بنگلہ دیش کے خلاف 20 فروری کو کھیلے گا اور بھارتی ٹیم کا دوسرا ٹاکرا روایتی حریف پاکستان سے 23 فروری کو ہوگا۔
آئی سی سی کے اعلان کردہ ہائبرڈ ماڈل کے تحت ہونے والی چیمپئنز ٹرافی 2025 میں بھارت اپنے تمام میچز متحدہ عرب امارات میں کھیلے گا جب کہ دیگر تمام میچز پاکستان کے 3 بڑے شہروں، کراچی، لاہور اور راولپنڈی میں ہوں گے۔