google.com, pub-3199947851844297, DIRECT, f08c47fec0942fa0 پاکستان کے فالوآن کے بعد 208 رنز کا خسارہ ابھی باقی - UrduLead
منگل , جنوری 7 2025

پاکستان کے فالوآن کے بعد 208 رنز کا خسارہ ابھی باقی

جنوبی افریقہ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز پاکستان نے دوسری اننگز میں ایک وکٹ کے نقصان پر 213 رنز بنا لیے۔

جنوبی افریقہ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں پاکستانی اوپنر جم کر کھیلے۔ بابر اعظم اور شان مسعود نے 205 رنز کی پارٹنر شپ کی۔ 205 رنز پر پاکستان کی پہلی وکٹ گر گئی۔ جب بابر اعظم 81 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے۔

تیسرے روز کے اختتام پر پاکستان نے ایک وکٹ کے نقصان پر 213 رنز بنائے۔ کپتان شان مسعود 102 رنز اور خرم شہزاد 8 رنز کے ساتھ پچ پر موجود ہیں۔ پاکستان کے فالوآن کے بعد 208 رنز کا خسارہ ابھی باقی ہے۔

اس سے قبل قومی ٹیم پہلی اننگز میں جنوبی افریقہ کے 615 رنز کے جواب میں 194 رنز پر آؤٹ ہو گئی تھی۔

کیپ ٹاؤن میں جاری پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں قومی ٹیم کی کارکردگی مایوس کن رہی۔ قومی ٹیم پہلی اننگز میں 194 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ تیسرے دن کے کھیل کا آغاز بابر اعظم نے 31 اور محمد رضوان نے 9 رنز کے ساتھ کیا۔

بابر اعظم 58 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ جبکہ محمد رضوان 46 رنز اور سلمان علی آغاز 19 رنز بنا سکے۔ صائم ایوب انجری کے باعث بیٹنگ نہ کر سکے۔ جنوبی افریقہ کے بالر کاگیسو ربادا نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

اس سے قبل جنوبی افریقہ کے 615 رنز کے جواب میں قومی ٹیم کا آغاز مایوس کن رہا۔ کپتان شان مسعود 2 رنز بنا کر کگیسو ربادا کی گیند پر آؤٹ ہوئے جبکہ 12 رنز بنا کر کامران غلام مارکو یانسین کی گیند پر بولڈ ہوئے۔

قومی ٹیم کے تیسرے آؤٹ ہونے والے بلے باز سعود شکیل تھے۔ جو بغیر کوئی رن بنائے 20 کے مجموعے پر کگیسو ربادا کا شکار بنے تھے۔

دوسرے دن جنوبی افریقہ پہلی اننگز میں 615 رنز پر آؤٹ ہوئی۔ ریان ریکلٹن نے ڈبل سنچری بنائی، ٹمبا باووما اور کائل ویریانے نے سنچریاں بنائیں۔

جنوبی افریقہ نے کیپ ٹاؤن میں جاری دوسرے ٹیسٹ کے دوسرے روز کھیل کا دوبارہ آغاز 4 وکٹ کے نقصان پر 316 رنز سے کیا تاہم کچھ ہی دیر بعد میزبان ٹیم کی پانچویں وکٹ 323 رنز پر گر گئی۔ ڈیوڈ بیڈنگھم 5 رنز بنا کر محمد عباس کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔

بعدازاں پہلے ہی سیشن میں ریان ریکلٹن نے 266 گیندوں پر ڈبل سنچری مکمل کی۔ ریان ریکلٹن اور کائل ویریانے کے درمیان چھٹی وکٹ پر 148 رنز کی پارٹنرشپ بنی۔  ویریانے 100 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

ساتویں وکٹ پر ریکلٹن نے مارکو یانسین کے ہمراہ 86 رنز کی پارٹنرشپ بنائی تاہم 557 کے مجموعے پر ریکلٹن 259 رنز کی میراتھون اننگز کھیل کر پویلین لوٹے۔ انہیں میر حمزہ نے کیچ آؤٹ کروایا۔

جنوبی افریقہ کے آٹھویں آؤٹ ہونے والے کھلاڑی مارکو یانسین تھے۔ انہوں نے 54 گیندوں پر 62 رنز بنائے جبکہ اختتامی لمحات میں کیشو مہارات نے 40 رنز کے ساتھ اپنا حصہ ڈال کر اپنی ٹیم کو 600 کا ہندسہ عبور کروایا۔ جبکہ جنوبی افریقی ٹیم 615 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔

پاکستان کی جانب سے محمد عباس اور سلمان علی آغا نے 3،3 جبکہ میر حمزہ اور خرم شہزاد نے 2،2 وکٹیں لیں۔

About Aftab Ahmed

Check Also

مذاکرات کسی ڈیل کے لیے نہیں عوام کے لیے کررہے ہیں: پی ٹی آئی

اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے کہا ہے کہ ہم نے مذاکرات کے دوسرے دور میں …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے