پاکستان کے خلاف دوسرے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں جنوبی افریقہ کے 615 رنز کے جواب میں قومی ٹیم 194 رنز پر آؤٹ ہوکر فالو آن کا شکار ہوگئی، میزبان ٹیم کو پہلی اننگز میں 421 رنز کی برتری حاصل ہوگئی۔
کیپ ٹاؤن میں کھیلے جارہے 2 ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز کے دوسرے میچ میں جنوبی افریقہ نے ریان ریکلٹن 259، ٹمبا باؤما 106، کائل ویرین کے 100 رنز کی بدولت پہلی اننگز میں 615 رنز بنائے تھے جس کے جواب میں پاکستانی ٹیم صرف 194 رنز ہی بناسکی۔
یوں پاکستانی ٹیم جنوبی افریقہ کے خلاف پہلی اننگز میں فالو آن کا شکار ہوگئی، قومی ٹیم کو فالو آن کا خطرہ ٹالنے کے لیے 416 رنز بنانا ضروری تھی تاہم قومی بیٹنگ لائن پروٹیز باؤلرز کے آگے لڑکھڑاگئی۔
پاکستان نے دوسری اننگز میں اپنی بیٹنگ کا آغاز کردیا ہے اور قومی ٹیم کو دوسرے ٹیسٹ میں اننگز کی شکست سے بچنے کے لیے 421 رنز بنانا ہوں گے۔
جنوبی افریقہ کے خلاف پہلی اننگز میں قومی بیٹنگ لائن شروع سے ہی مشکلات کا شکار رہی، ٹاپ آرڈر بلے باز ایک بار پھر ناکام ثابت ہوئے، کپتان شان مسعود 2، نائب کپتان سعود شکیل صفر اور کامران غلام 12 رنز بناکر کھیل کے دوسرے روز ہی آؤٹ ہوگئے تھے۔
پاکستان نے تیسرے دن 3 وکٹ پر 64 رنز سے اپنی نامکمل اننگز کا آغاز کیا تو بابراعظم 31 اور محمد رضوان 9 رنز بناکر کریز پر موجود تھے، بابراعظم نے ذمہ دارانہ اننگز کھیلتے ہوئے اپنی نصف سنچری مکمل کی لیکن وہ اپنی اننگز کو مزید آگے نہیں بڑھاسکے اور 58 رنز پر آؤٹ ہوگئے۔
محمد رضوان بھی کریز پر سیٹ ہوگئے تھے لیکن ایک غیر ضروری شارٹ مارنے کے چکر میں اپنی وکٹ گنوا بیٹھے، وہ 46 رنز بنانے میں کامیاب رہے، سلمان علی آغا 19، عامر جمال 15، خرم شہزاد 14، میر حمزہ 13 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
جنوبی افریقہ کی جانب سے کگیسو رباڈا 3، کیشو مہاراج اور کوینا مفاکا 2،2 جب کہ مارکرو جانسن اور ویان ملڈر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
خیال رہے کہ میچ کے پہلے روز ابتدائی اوورز میں پاکستانی بلے باز صائم ایوب فیلڈنگ کے دوران باؤنڈری لائن کے قریب پاؤں مڑنے کے باعث زخمی ہوگئے، شدید تکلیف کے باعث ایکسرے کے لیے انہیں ہسپتال لے جایا گیا اور وہ 6 ہفتوں کے لیے کرکٹ سے دور ہوگئے ہیں۔