چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ شہید بھٹو کی طرح، شہید محترمہ بھی عوام کی طاقت پر یقین رکھتی تھیں، وہ قائدِ عوام کی طرح مزدور، کسان اور پسماندہ طبقات کو قومی ترقی کی بنیاد سمجھتی تھیں۔
بلاول بھٹو زرداری نے شہید بے نظیر بھٹو کو 17ویں یوم شہادت پر خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بی بی شہید کی بے مثال قربانیوں، غیر متزلزل قیادت اور ملک کے لیے پائیدار میراث کو خراجِ عقیدت پیش کرتا ہوں۔
بے نظیر بھٹو کے یومِ شہادت پر اپنے پیغام میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ بی بی شہید کو خراج عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ ان کے خواب کو حقیقت بنانا ہے، ان کا خواب ایک جمہوری، ترقی پسند اور جامع پاکستان ہے، ان کا خواب ایسا پاکستان ہے جہاں ہر فرد کی عزت و تکریم کو یقینی بنایا جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہماری ذمہ داری ہے کہ شہید بی بی کے اس خواب کو حقیقت بنائیں، وہ خواب جس میں پاکستان سیاسی، سماجی اور معاشی استحصال سے پاک ہو، وہ دن دور نہیں جب شہید محترمہ کے انصاف پر مبنی پاکستان کا وژن حقیقت بنے گا۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ محترمہ شہید کی زندگی جراّت، استقامت اور پاکستانیوں کے لیے امید کی علامت تھی، ان کی جدوجہد اور زندگی قائد عوام کے وژن سے گہرائی سے جڑی تھی، شہید محترمہ صرف سیاسی شخصیت نہیں، بلکہ مظلوم، محکوم اور پسماندہ طبقات کے لیے امید کی کرن تھیں۔