بھارتی نژاد کینیڈین پنجابی گلوکار امرت پال سنگھ ڈھلون المعروف اے پی ڈھلوں اور دلجیت دو سانجھ کے درمیان سوشل میڈیا پر تنازع کھڑا ہوگیا۔
ایک نے سوشل میڈیا پر بلاک کیے جانے کا الزام لگایا تو دوسرے نے اسے مسترد کردیا۔
گلوکار اے پی ڈھلوں نے دعویٰ کیا کہ دلجیت نے انہیں انسٹاگرام پر بلاک کیا تھا بعد میں بلاک سے ہٹادیا جس پر دلجیت نے انکار کرتے ہوئے وضاحت دی کہ ایسا کچھ نہیں ہوا۔
اے پی ڈھلوں نے اپنی انسٹاگرام اسٹوریز پر اس معاملے کے ثبوت پیش کرتے ہوئے ایک کلپ شیئر کیا جس میں دکھایا گیا کہ ایک مداح کی جانب سے بھیجے گئے دلجیت کے پروفائل لنک کو وہ اوپن نہیں کر سکے۔
انہوں نے بعد میں ایک اور کلپ دکھایا کہ وہ دلجیت کا پروفائل دیکھ سکتے ہیں، جس کے ساتھ انہوں نے ’بعد‘ لکھا اور ہنستے ہوئے ایموجیز شامل کیے۔
دوسری جانب دلجیت دوسانجھ نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری پر اے پی ڈھلوں کی انسٹاگرام پروفائل کی ایک تصویر شیئر کی، جس میں ان کی پوسٹس واضح طور پر نظر آ رہی تھیں۔
دلجیت نے لکھا، ’میں نے تمہیں کبھی بلاک نہیں کیا۔ میرے مسئلے سرکار سے ہو سکتے ہیں، فنکاروں سے نہیں۔‘