عام طور پر فلم اسٹار فواد خان کو زیادہ تر کامیڈی شوز سمیت ٹی وی چینلز پر نشر ہونے والے سیلیبرٹی اور لیٹ نائٹ شوز میں نہیں دیکھا جاتا۔
فواد خان کو مارننگ شوز سمیت دوسرے ٹی وی چینلز کے پروگرامات میں بھی کم دیکھا جاتا رہا ہے، جس پر ٹی وی میزبانوں سے سوال بھی کیا جاتا رہا ہےکہ وہ فواد خان کو کیوں مدعو نہیں کرتے۔
ماضی میں ندا یاسر بتا چکی ہیں کہ فواد خان اور ماہرہ خان بڑے مہنگے آرٹسٹ ہیں، اس لیے وہ انہیں اپنے پروگرام میں مدعو نہیں کرتیں۔
اسی طرح مزاحیہ شو ’ہنسنا منع ہے‘ کے میزبان تابش ہاشمی سے بھی فواد خان کو مدعو نہ کیے جانے پر ان سے سوالات کیے جاتے رہے ہیں۔
حال ہی میں تابش ہاشمی نے ایک انٹرویو میں فواد خان کو مدعو نہ کرنے پر وضاحت کرتے ہوئے بتایا کہ وہ کیوں انہیں پروگرام میں نہیں بلاتے۔
تابش ہاشمی کے مطابق جس طرح ہر مہمان اور شخصیت کے اپنے مطالبات اور ترجیحات ہوتی ہیں، اسی طرح ٹی وی شو اور پروگرام کی بھی کچھ ضروریات ہوتی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ان کا پروگرام زیادہ تر مزاحیہ ہوتا ہے، جہاں پر مہمانوں سے دلچسپ اور اونٹ پٹانگ سوالات کیے جاتے ہیں، اس لیے وہ مہمانوں کا انتخاب بھی اسی طرح رکھتے ہیں۔
تابش ہاشمی کے مطابق انہیں ذاتی طور پر لگتا ہے کہ فواد خان انتہائی سنجیدہ شخص ہیں جب کہ ان کی کوشش ہوتی ہے کہ وہ ایسے مہمان کو مدعو کریں جو ان کے ساتھ گھل مل جائے۔
انہوں نے دلیل دی کہ اگر انہیں شو کرتے وقت سنجیدہ شخصیت کو دیکھتے ہوئے لحاظ کرنا پڑے اور ان سے چند سوالات نہ کرپائے تو انہیں شو کرنے میں مزہ نہیں آئے گا۔
میزبان کے مطابق سنجیدہ شخصیت کو مدعو کرنا شو کے حوالے سے اچھی منصوبہ بندی نہیں ہوگی، وہ مہمان یا شخصیت کے حوالے سے نہیں بلکہ شو کے حوالے سے اچھا نہیں ہوگا، اس لیے وہ سنجیدہ لوگوں کو مدعو کرنے سے گریز کرتے ہیں۔
تابش ہاشمی کا کہنا تھا کہ مہمان کے چھوٹے یا بڑے ہونے کا فرق نہیں ہوتا بلکہ مدعو کیے گئے مہمانات شو کا فارمیٹ دیکھ کر بلائے جاتے ہیں، کیوں کہ شو کی بھی اپنی ضروریات اور ترجیحات ہوتی ہیں۔
ان کے مطابق ان کی کوشش یہ نہیں ہوتی کہ مہمان مشہور شخصیت ہو بلکہ ان کی خواہش ہوتی ہے کہ وہ اچھے سے اچھا شو کریں۔