پاکستانی گلوکار اور اداکار علی ظفر نے اپنی نئی ویب سیریز ’گینگز آف خراسان‘ (Gangs of Khorasan) کے لیے ایسا منفرد روپ اختیار کر لیا ہے جس نے مداحوں کو حیران کر دیا ہے۔ پاکستان کی پہلی مافیا تھیم پر مبنی ویب سیریز قرار دی جانے والی اس پروڈکشن میں علی ظفر مافیا باس بوستان خان کا کردار ادا کریں گے۔

علی ظفر نے اپنے نئے کردار اور حلیے کی جھلک پیش کی تو سوشل میڈیا پر مداحوں کی جانب سے دلچسپ ردعمل سامنے آیا۔ صارفین نے ان کے نئے انداز کو ان کے روایتی رومانوی کرداروں سے بالکل مختلف قرار دیا۔ بعض مداحوں نے ان کی تبدیلی کو حیران کن قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہیں اس روپ میں پہچاننا بھی مشکل ہے۔

علی ظفر نے پاکستانی اخبار دی ایکسپریس ٹریبیون سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے یہ کردار اس لیے قبول کیا کیونکہ یہ انہیں اپنے روایتی دائرے اور آرام دہ ماحول سے باہر نکلنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔

ان کے مطابق ایک مختلف نوعیت کا کردار ادا کرنا ان کے لیے ایک نیا تجربہ اور فنکارانہ چیلنج ہے۔

ویب سیریز ’گینگز آف خراسان‘ میں علی ظفر کے ساتھ اداکار فیروز خان، ہمایمہ ملک اور سونیا حسین سمیت دیگر فنکار بھی اہم کرداروں میں نظر آئیں گے۔ سیریز کی ہدایت کاری حمزہ انصاری کر رہے ہیں، جبکہ اس کی ریلیز 2027 میں متوقع ہے۔

علی ظفر کا بوستان خان کے روپ میں سامنے آنا اس پروجیکٹ کے حوالے سے مداحوں کی دلچسپی بڑھا رہا ہے۔ خاص طور پر ان کے رومانوی اور موسیقی سے جڑے سابقہ امیج کے برعکس ایک سخت گیر مافیا باس کا کردار ان کے فنی کیریئر میں ایک نمایاں تبدیلی تصور کیا جا رہا ہے۔