بہت جلد پاکستانی معیشت میں انقلابی تبدیلیاں رونما ہوں گی، نعمان سعید کی سرمایہ کاروں سے گفتگو
سربراہ آئی ٹی اسٹارٹ اپس نعمان سعید کا کہنا ہے کہ خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل نے اپنی کارکردگی کا تسلسل برقرار رکھا تو بہت جلد پاکستانی معیشت میں انقلابی تبدیلیاں رونما ہوں گی، پاکستان کی آئی ٹی کی برآمدات 40 سے 50 فیصد سالانہ کی بنیادپر بڑھ سکتی ہیں۔
معروف پاکستانی ٹیک انٹر پرینیور، سرمایہ کار اور انفارمیشن ٹیکنالوجی اسٹارٹ اپس کے سرپرست نعمان سعید نے سرمایہ کاروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی انفارمیشن ٹیکنالوجی کی سروسز ایکسپورٹ نومبر 2023ء میں ماہانہ بنیادوں پر 14 فیصد اور سالانہ بنیادوں پر 20 فیصد تک بڑھی ہیں تاہم اس میں مزید اضافے کی وسیع گنجائش موجود ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ ایک تخمینے کے مطابق پاکستان کی آئی ٹی کی برآمدات 40 سے 50 فیصد سالانہ کی بنیاد پر بڑھ سکتی ہیں اور پاکستان نے ماضی میں یہ کرکے بھی دکھایا ہے۔
نعمان سعید نے اپیل کی کہ ایس آئی ایف سی میں انفارمیشن ٹیکنالوجی انڈسٹری کو ترجیح دی جائے، کیونکہ یہی وہ شعبہ ہے جس کے ذریعے پاکستان کی سالانہ برآمدات میں ہونیوالا اضافہ انتہائی قلیل مدت میں کئی گنا تک بڑھ سکتا ہے اور موجودہ کڑے حالات میں یہ پاکستان کیلئے انتہائی ناگزیر ہے۔
سربراہ آئی ٹی اسٹارٹ اپس نے مزید کہا کہ ہم ایس آئی ایف سی سمیت تمام حکومتی اداروں کو دنیا کی مارکیٹ کے حوالے سے تجاویز اور رہنمائی دینے کیلئے تیار ہیں۔