پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین سابق وزیر اعظم عمران خان نے اپنے آفیشل ایکس اکائونٹ (سابقہ ٹوئیٹر) پراسلام آباد میں پی ٹی آئی کے احتجاج کے دوران سیکیورٹی اداروں کے آپریشن کے دوران جاں بحق پی ٹی آئی کارکنا ن کی ویڈیوز بطور ثبوت شیئرکردیں، بعد ازاں 4 ویڈیوز کو ایکس سے ڈیلیٹ کر دیا گیا۔
تحریک انصاف کے سینئر رہنمائوں اور پی ٹی آئی کے آفیشل ایکس اکائونٹ سے پروپیگنڈا کیا گیا کہ اسلام آباد میں پی ٹی آئی کے احتجاج کے دوران سیکیورٹی اداروں کی کارروائی کے دوران کارکنان پر تشدد کیا گیا اور کارکنان کو فائرنگ کرکے جان سے مار دیا گیا ، ان کی لاشوں اوراسپتالوں سے تمام ریکارڈ غائب کر دیا گیا ۔
تاہم پی ٹی آئی کی جانب سے اسلام آباد کے احتجاج کی جاری ویڈیوز جعلی نکلیں ، معلوم ہوا ہے کہ ویڈیو پانچ سال پرانی اور پنجاب کے علاقے ننکانہ صاحب کی ہیں ، اطلاعات کے مطابق ویڈیو 2019 میں جاری ہوئی تھیں، جاری کردہ ویڈیوز ننکانہ شہر میں 2 گروپوں کے مابین تصادم کی ہیں۔
پی ٹی آئی کی جانب سے اسلام آباد میں کارکنا ن کے ہلاکت کے پروپیگنڈے کی تردید کرتے ہوئے ثبوت کے طور پر پانچ سال پرانی ویڈیو کا لنک بھی ایکس پر جاری کیا گیا ہے۔