ماضی کے مقبول فلمی ہیرو سعود نے دعویٰ کیا ہے کہ بولی وڈ اداکارہ و ڈانسر نورا فتیحی سے ملاقات کی ویڈیو کسی نے چوری بنا کر ان کی اہلیہ کو بھیجی، جسے انہوں نے سوشل میڈیا پر شیئر کیا۔
سعود اور نورا فتیحی کے درمیان مختصر ملاقات کی ویڈیو گزشتہ ماہ اکتوبر میں وائرل ہوئی تھی۔
ویڈیو میں سعود اور نورا فتیحی کو نہ صرف ایک دوسرے سے ہاتھ ملاتے اور فوٹوگرافرز کے لیے پوز دیتے ہوئے دیکھا گیا تھا بلکہ دونوں کو ایک تقریب میں ایک ساتھ بیٹھا ہوا بھی دیکھا گیا تھا۔
مذکورہ ویڈیو پہلی بار سعود کی اہلیہ جویریہ سعود نے شیئر کی تھی، جس کے بعد ویڈیو وائرل ہوگئی تھی۔
اب سعود نے دعویٰ کیا ہے کہ مذکورہ ویڈیو ان کی اہلیہ کو کسی دوسرے شخص نے چوری بناکر بھیجی، جسے ان کی اہلیہ نے سوشل میڈیا پر شیئر کیا تو وائرل ہوگئی۔
ایک ٹی وی شو میں سعود کا کہنا تھا کہ ان کی اور نورا فتیحی کی ملاقات ان کے چھوٹے بھائی کی کرکٹ لیگ (این سی ایل) کی تقریب کے دوران ہوئی تھی۔
انہوں نے بتایا کہ مذکورہ تقریب میں دوسرے بھارتی گلوکار و اداکار بھی آئے ہوئے تھے جب کہ پاکستان کی بھی متعدد شخصیات مدعو کی گئی تھیں۔
سعود کا کہنا تھا کہ انہوں نے مذکورہ تقریب میں وسیم اکرم اورسچن ٹنڈولکر سمیت دیگر اسپورٹس شخصیات سے بھی ملاقات کی اور ان کے ساتھ تصاویر بھی بنوائیں لیکن وہ وائرل نہیں ہوئیں۔
اداکار کے مطابق نورا فتیحی سے ملاقات کے دوران ان کے کسی جاننے والے نے ان کی ویڈیو چوری بناکر مذاق میں ان کی اہلیہ کو بھیج دی۔
سعود کا کہنا تھا کہ اہلیہ نے نورا فتیحی سے ملاقات کی ویڈیو پر ناراضگی کرنے کے بجائے اسے سوشل میڈیا پر شیئر کردیا، جہاں سے وہ ویڈیو وائرل ہوگئی اور لوگوں نے طرح طرح کی باتیں کیں۔