آئی سی سی چیمپئینز ٹرافی 2025 کے شیڈول کے اعلان میں مزید تاخیر کا امکان بڑھنے لگا۔
میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا جارہا ہے کہ اگلے 24گھنٹے میں میگا ایونٹ کے شیڈول کا اعلان مشکل ہے تاہم اسٹیک ہولڈرز نے لچک دکھائی تو پھر 1، 2 روز میں شیڈول منظر عام پر آسکتا ہے۔
دورہ پاکستان سے بھارتی انکار نے آئندہ برس شیڈول چیمپئینز ٹرافی کو خطرے میں ڈال دیا ہے، پی سی بی نے وجوہات جاننے کیلئے 10 روز قبل آئی سی سی کو خط لکھا تھا مگر اس پر چپ سادھ لی گئی ہے،
اگر کوئی ایک ملک کھیلنے سے انکار کرے تو ایونٹ میں نویں نمبر کی ٹیم کو شامل کر لیا جاتا ہے لیکن کونسل سمجھتی ہے کہ بھارت کے بغیر ٹورنامنٹ پھیکا پڑ جائے گا اور آمدنی بْری طرح متاثر ہوگی لہذا معاملات ابھی تک الجھے ہوئے ہیں۔
ہر گزرتے دن کے ساتھ آئی سی سی پر دباؤ بڑھ رہا ہے اور اب اس معاملے کو ووٹنگ کیلئے بورڈ ممبران کے پاس لے جانے کا امکان بڑھ چکا ہے، پاکستان نے آئی سی سی سے تحریری انکار کی کاپی مانگی تھی تاکہ وجوہات کا جائزہ لے سکے۔
پاکستان آنے سے انکار کی بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے ابھی تک کوئی تحریری وجہ ہی بیان نہیں کی، اس لیے پاکستان کا کیس مضبوط دکھائی دیتا ہے، ملک میں چیمپئنز ٹرافی کا ٹرافی ٹور بھی جاری ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ پہلے ہی واضح کرچکا کہ وہ کسی بھی صورت میں ہائبرڈ ماڈل کے تحت بھارت سے نیوٹرل وینو پر میچز کیلیے تیار نہیں ہوگا۔
دوسری جانب بھارتی بورڈ نے بھی ہائبرڈ ماڈل کیلئے دیگر بورڈز کو ملانے کی کوششیں تیز کردی ہیں تاکہ ایونٹ میں شریک ہوسکے یا پھر میزبانی ہتھیا لے۔