مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف نے کہا ہے کہ احتجاج کرنے والوں کی ملک کو ڈی ریل کرنےکی کوشش میں کامیاب نہیں ہوگی، جو لوگ میرے وطن واپس نہ جانے کا پروپیگنڈا کرتے تھے وہ جھوٹے ہیں۔
سابق وزیر اعظم اور صدر مسلم لیگ (ن) نواز شریف لندن سے پاکستان کے لیے روانہ ہوگئے،
اس موقع پر صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو میں نواز شریف نے کہا کہ جو لوگ ان کے وطن واپس نہ جانے سے متعلق پرپیگنڈا کرتے تھے وہ جھوٹے ہیں۔
اس موقع پر صحافی نے سوال کیا کہ ’کیا آپ سمجھتےہیں کہ پی ٹی آئی دھرنےکی کال ملک کوڈی ریل کرنےکے لیے ہے؟‘۔
نواز شریف نے کہاکہ ’آپ جو کہنا چاہتے ہیں وہ میں سمجھتا ہوں،لیکن یہ لوگ(پی ٹی آئی) انشااللہ کامیاب نہیں ہوں گے‘۔
واضح رہے کہ نواز شریف 25 اکتوبر کو غیر ملکی ایئرلائن کی پروازکے ذریعےدبئی روانہ ہوئے تھے، جہاں وہ ایک روزہ قیام کے بعد لندن پہنچے تھے،
بعدازاں لندن میں 2 روز قیام کے بعد وہ امریکا روانہ ہوگئے تھے، نوازشریف غیرملکی دورے کے دوران سوئٹزرلینڈ بھی گئے تھے۔