google.com, pub-3199947851844297, DIRECT, f08c47fec0942fa0 لاہور اور ملتان میں ہیلتھ ایمرجنسی نافذ - UrduLead
پیر , دسمبر 23 2024

لاہور اور ملتان میں ہیلتھ ایمرجنسی نافذ

ملک کے سب سے بڑے صوبے پنجاب میں اسموگ کی بگڑتی صورتحال کے پیش نظر صوبائی دارالحکومت لاہور اور ملتان میں ہیلتھ ایمرجنسی نافذ کردی گئی۔

لاہور میں نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سینئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب نے اس اہم فیصلے کا اعلان کیا اور کہا کہ لاہور اور ملتان میں جمعہ، ہفتہ اور اتوار کو مکمل لاک ڈاؤن لگا دیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ اسموگ پر بھارت و پاکستان کے عوام کا مسئلہ ہے، دونوں ممالک کو اکٹھا بیٹھنا پڑے گا، اسموگ پاک ۔ بھارت کا نہیں ماحول کا معاملہ ہے کیونکہ زندگیوں کا معاملہ ہے، اسموگ موت ہے۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ کورونا پر احتیاطی تدابیر اختیار کیں، اسی طرح اسموگ پر احتیاطی تدابیر اختیار کرنا ہوں گی، 9 نومبر کو ایئر کوالٹی انڈیکس 660، 10 نومبر کو 539، 11 کو 816 اور 14 نومبر کو ایک ہزار سے زیاد رہا۔

انہوں نے کہا کہ اسموگ کی بگڑتی صورتحال پر لاہور اور ملتان میں ہیلتھ ایمرجنسی کا اعلان کرتی ہوں، ہیلتھ ڈیسک، ہسپتالوں میں اسٹاف کی چھٹیاں منسوخ اور محکموں کو ادویات وافر کرنی کی ہدایت کردی گئی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ موٹر سائیکل پر ایمرجنسی کے علاوہ باہر نہ نکلیں اور ماسک کا استعمال کریں، ملتان و لاہور میں اسکول کالجز اور یونیورسٹیز کو آن لائن کر رہے ہیں، پنجاب بھر سے ایک ماہ کے دوران ڈیڑھ لاکھ لوگ اسموگ کا شکار ہوکر ہسپتالوں میں پہنچے ہیں، ڈی ٹاکس مہم کے نام سے اسموگ کے خاتمے کے لیے مہم شروع کر رہے ہیں۔

سینئر صوبائی وزیر نےکہا کہ لاہور میں اسموگ سے ایک ہفتے میں 7 ہزار 165 لوگ متاثر ہوئے، ملتان اور لاہور میں کل ہفتہ سے اگلے اتوار تک تعمیرات پر پابندی لگا رہے ہیں، لوگوں کو سمجھ نہیں آرہی اسموگ موت کا سبب بن سکتی ہے، 40 ہزار روزانہ انسپکشن ہو رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ٹریفک پر کوئی کمی نہیں آرہی، جن ملکوں نے اسموگ سے لڑائی کی وہاں ہر شعبے سے تعاون کیا گیا، لیکن ادھر تو ماسک پہننے کے لیے تقسیم کرنا پڑتا ہے، ریسٹورنٹس کو شام 4 بجے تک کا وقت دیا ہے، اس کے بعد رات 8 بجے تک ٹیک آوے کی اجازت ہوگی۔

ان کا کہنا تھا کہ لاہور اور ملتان میں جمعہ، ہفتہ اور اتوار کو مکمل لاک ڈاؤن لگا دیں گے، بدھ تک ڈیٹا دیکھیں گے۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ شہری بچوں کے ساتھ بغیر ماسک کے گھوم پھر رہے تھے، اسموگ صحت کے بحران میں تبدیل ہو چکی ہے۔

واضح رہے کہ ملک کا دوسرا بڑا شہر لاہور مسلسل کئی روز سے شدید دھند اور اسموگ کی لپیٹ میں ہے، دنیا کے آلودہ شہروں کی فہرست میں لاہور آج بھی پہلے نمبر پر رہا،

14 نومبر رات 9 بجے بھی شہر کا ایئر کوالٹی انڈیکس 1069 پر تھا جب کہ اس وقت ملتان کا 540 اور راولپنڈی کا ایئر انڈیکس 449 کی سطح پر موجود تھا جو کہ صحت کے لیے انتہائی نقصان دہ ہے۔

About Aftab Ahmed

Check Also

رواں مالی سال منی بجٹ نہیں لارہے: چیئرمین ایف بی آر

چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) راشد محمود لنگڑیال نے کہا ہے کہ …