گلوکار عاطف اسلم نے واضح کیا ہے کہ انہوں نے سعودی عرب میں میوزک پرفارمنس کرنے سے انکار کی بات نہیں کی، انہوں نے ایسا کوئی بیان نہیں دیا۔
سوشل میڈیا پر خبریں وائرل تھیں کہ عاطف اسلم نے مقدس مقامات کی وجہ سے سعودی عرب میں پرفارمنس کرنے سے انکار کردیا۔
ان کے نام سے منسوب بیان کو متعدد شوبز سوشل میڈیا پیجز کی جانب سے شیئر کیا گیا تھا اور عمران عباس سمیت دیگر شخصیات نے ان کے نام سے بیان کو سچ سمجھ کر گلوکار کی تعریفیں کی تھیں۔
تاہم اب اداکار نے واضح کیا ہے کہ انہوں نے ایسا کوئی بیان نہیں دیا، ان کے نام سے پھیلایا گیا بیان غلط ہے۔
عاطف اسلم نے صحافی ملیحہ رحمٰن سے بات کرتے ہوئے اپنے نام سے منسوب بیان کو غلط قرار دیا۔
عاطف اسلم نے کہا کہ انہوں نے ایسا کوئی بیان نہیں دیا، شوبز شخصیات سمیت میڈیا والوں کو ایسے بیان سے قبل تصدیق کرنی چاہیے، انہیں ایسے بیانات کو پھیلانے سے گریز کرنا چاہیے۔
گلوکار کا مزید کہنا تھا کہ یہ مضحکہ خیز بیان ہے، انہوں نے ایسا کوئی بیان نہیں دیا کیوں کہ وہ ماضی میں سعودی عرب میں پرفارم کر چکے ہیں۔
عاطف اسلم کے مطابق وہ ماضی میں سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں پرفارمنس کر چکے ہیں، انہوں نے سعودیہ میں پرفارمنس سے انکار کا کوئی بیان نہیں دیا۔