پاکستان نے آسٹریلیا کو تیسرے ون ڈے میچ میں شکست دے کر 3 میچوں کی سیریز 1-2 سے جیت لی۔
دوسرے میچ کے بعد آج تیسرے ون ڈے میں بھی پاکستانی بولرز نے آسٹریلوی بیٹرز کو مشکل میں ڈال دیا اور پوری ٹیم آج بھی مکمل اوور نہ کھیل سکی
3 ون ڈے میچز کی سیریز کے تیسرے اور فیصلہ کن معرکے میں پاکستانی بولرز کی شاندار کارکردگی کی بدولت آسٹریلیا کی پوری ٹیم 32 ویں اوورز میں 140 رنز بنا کر ڈھیر ہوگئی اور پاکستان کو جیت کے لیے 141 رنز کا ہدف دے دیا۔
پاک آسٹریلیا ون ڈے سیریز کے تیسرے ٹاکرے کے لیے پرتھ میں میدان سجایا گیا، جہاں تین میچز کی سیریز کا تیسرا اور آخری ون ڈے میچ آج کھیلا جارہا ہے، جس کا ٹاس پاکستان نے جیتا اور پہلے آسٹریلیا کو بیٹنگ کی دعوت دے دی۔
پاکستان کی دعوت پر آسٹریلیا کی جانب سے میتھو شارٹ اور جیک فریزر میک گرک نے اننگز کا آغاز کیا، آج بھی پاکستانی فاسٹ بولرز نے ٹیم کو اچھا آغاز فراہم کیا۔
آسٹریلیا کی اوپننگ جوڑی نے جارحانہ کھیل پیش کرنے کی کوشش کی تاہم اس میچ میں بھی ناکام ثابت ہوئی، 20 کے مجموعی اسکور پر جیک فریزر میک گرک 7 رنز بناکر نسیم شاہ کی گیند پر محمد رضوان کو کیچ تھما بیٹھے۔
اس کے بعد آسٹریلیا کو 36 رنز پر دوسرا نقصان اٹھانا پڑا، آرون ہارڈی محض 12 رنز بناکر شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر آغا سلمان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔
36 رنز پر 2 وکٹیں گرنے کے بعد کپتان جوش انگلس نے میتھو شارٹ کے ساتھ مل کر مزاحمت کی کوشش کی جو کامیاب نہ ہوسکی اور محض ٹیم کے اسکور میں 20 رنز کے اضافے کے بعد 56 کے اسکور پر آسٹریلیا کو 3 تیسرا نقصان اٹھانا پڑا۔
کپتان جوش انگلس صرف 7 رنز بناکر نسیم شاہ کی گیند پر وکٹ کیپر محمد رضوان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔
آسٹریلیا کی چوتھی وکٹ 72 رنز گری، جب میتھو شارٹ 22 رنز بناکر حارث رؤف کا شکار بنے، میچ کے دوران ہاتھ پر گیند لگنے کے سبب کوپر کونولی7 رنز بناکر ریٹائرڈ ہرٹ ہوئے، محمد حسنین کی گیند ان کے ہاتھ پر لگی جس سے وہ انجرڈ ہوگئے۔
اس کے بعد میکسویل کریز پر آئے لیکن وہ صرف 2 گیندوں کے ہی مہمان ثابت ہوئے اور 79 کے اسکور پر گلین میکسویل بغیر کوئی رن بنائے اپنی وکٹ حارث رؤف کو تھما بیٹھے۔
آسٹریلیا کا اسکور 88 تک پہنچا تو مارکس اسٹوئنس بھی صرف 8 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے، وہ محمد حسنین کی گیند پر وکٹ کیپر محمد رضوان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔
اس کے بعد شان ایبٹ اور ایڈم زمپا نے ٹیم کی کمان سنبھالی اور مزاحمت کرتے ہوئے ٹیم کے اسکور میں 30 رنز کا اضافہ کیا تاہم 118 کے مجموعی اسکور پر آسٹریلیا کو 7 واں نقصان اٹھانا پڑا، ایڈم زمپا 13 رنز بناکر نسیم شاہ کا شکار ہوئے۔
8 ویں وکٹ کی شراکت میں 22 رنز کی پارٹنرشپ قائم ہوئی تاہم ٹیم کا اسکور 140 تک پہنچا تو آسٹریلیا کی یکے بعد دیگرے 2 وکٹیں گرگئں،
آسٹریلیا کی جانب سے سین ایبٹ 30 رنز بناکر نمایاں رہے اور ان کے 6 کھلاڑی ڈبل فیگر میں بھی داخل نہ ہوسکے۔
اس طرح آسٹریلیا کی ٹیم پچھلے میچ کی طرح آج بھی پورے 50 اوورز نہ کھیل سکی اور 31.5 اوورز میں 140 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی اور پاکستان کو جیت کے لیے 141 رنز کا ہدف دے دیا۔
پاکستان کی جانب سے نسیم شاہ اور شاہین شاہ آفریدی نے 3،3 اور حارث رؤف نے 2 جبکہ محمد حسنین نے ایک وکٹ حاصل کی۔