پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم 2025-2029 کے لیے آئی سی سی کے اعلان کردہ فیوچر ٹورز پروگرام کے تحت انگلینڈ، نیوزی لینڈ بنگلادیش اور زمبابوے کی میزبانی کرے گی۔
آئی سی سی فیوچر ٹور پروگرام کے مطابق 2026 میں زمبابوے کی ویمن کرکٹ ٹیم پاکستان کا دورہ کرے گی، اپریل 2027 میں نیوزی لینڈ جبکہ اکتوبر 2027 میں انگلینڈ کی ویمن ٹیم پاکستان کا دورہ کرے گی، بنگلادیش ویمن ٹیم اکتوبر 2028 میں پاکستان آئے گی۔
یہ فکسچرز آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ کا حصہ ہیں جس میں 11 ٹیمیں 2029 کے آئی سی سی ویمنز 50 اوور ورلڈ کپ میں جگہ حاصل کرنے کے لیے مقابلہ کریں گی۔
چیمپئن شپ فارمیٹ میں ہر ٹیم چار ہوم اور چار غیر ملکی سیریز کھیلے گی جس میں کل 44 سیریز میں 132 ون ڈے کھیلے جائیں گے، ہر سیریز تین میچز پر مشتمل ہوگی۔
پاکستان ویمن ٹیم کے غیرملکی دوروں میں فروری 2026 میں جنوبی افریقا، جولائی 2026 میں سری لنکا، نومبر 2026 میں ویسٹ انڈیز اور جون 2028 میں آئرلینڈ کے دورے شامل ہیں۔
مزید برآں انگلینڈ میں آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 سے قبل آئر لینڈ سہ فریقی سیریز میں پاکستان اور ویسٹ انڈیز کی میزبانی کرے گا۔
علاوہ ازیں فیوچر ٹورز کے آئی سی سی کے اہم ٹورنامنٹس میں بھارت میں ہونے والا ویمن کرکٹ ورلڈ کپ 2025، انگلینڈ میں ہونے والا ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026، ویمنز چیمپئنز ٹرافی 2027 اور ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2028 بھی شامل ہیں۔