دورہ اسٹریلیا اور زمبابوے روانگی سے قبل قومی ٹیم کے وائٹ بال کپتان محمد رضوان اور نائب کپتان سلمان علی آغا نے چیئرمین پی سی پی محسن نقوی سے ملاقات کی۔
لاہور میں ہونے والی ملاقات میں چیئرمین پی سی بی نے آسٹریلیا اور زمبابوے سیریز کے لیے قومی ٹیم کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ وائٹ بال ٹیم کی قیادت ایک اعزاز ہے، آسٹریلیا اور زمبابوے سیریز میں قوم کو ٹیم سے اچھی کارکردگی کی توقع ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستانی ٹیم کے کھلاڑی با صلاحیت اور پروفیشنل ہیں، متحد ہو کر کھیلنا اور آخری بال تک لڑنا کامیابی کی ضمانت ہے،
ٹیم اگر ٹیم بن کر پرفارم کرے گی تو کوئی آپ کو ہرا نہیں سکتا، امید ہے کہ محمد رضوان کی قیادت میں قومی اسکواڈ آسٹریلیا اور زمبابوے میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرکے فتوحات سمیٹے گی۔
اس موقع پر کپتان محمد رضوان اور نائب کپتان سلمان علی آغا نے بھرپور اعتماد کرنے پر چئیرمین پی سی بی محسن نقوی کا شکریہ ادا کیا۔
محمد رضوان کا کہنا تھا کہ دورہ آسٹریلیا اور زمبابوے کے دوران بہترین کارکردگی دکھانے کے لیے پر عزم ہیں، قوم کی توقعات پر پورا اترنے کی بھرپور کوشش کریں گے۔