جمعیت علمائے اسلام (ف) کے جنرل سیکرٹری مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) 26 ویں آئینی ترمیم کی حمایت میں شامل تھی۔
پنجاب کے شہر چنیوٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بشریٰ بی بی کے بعد عمران خان بھی آج نہیں تو کل رہا ہوجائیں گے۔
مولانا عبدالغفور حیدری کا کہنا تھا کہ آئینی ترمیم میں پی ٹی آئی مکمل طور پر ہمارے ساتھ تھی، یہاں تک کہ ہم نے سب چیزیں طے ہونے کے بعد پورا مسودہ پی ٹی آئی کو فراہم کیا تھا۔
سیکرٹری جے یو آئی نے کہا کہ عمران خان کے علاوہ تمام قیادت نے مسودے پر کسی قسم کا کوئی اعتراض نہیں کیا تھا بلکہ اسے مکمل درست قرار دیا تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کی قیادت کے جیلوں میں ہونے کی وجہ سے ہم نے خود انہیں ترمیم کے حق میں ووٹ دینے سے روکا تھا۔