google.com, pub-3199947851844297, DIRECT, f08c47fec0942fa0 ایس سی او اجلاس میں شرکت کیلئے مہمانوں کی کنونشن سینٹر آمد - UrduLead
پیر , دسمبر 23 2024

ایس سی او اجلاس میں شرکت کیلئے مہمانوں کی کنونشن سینٹر آمد

شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے آج ہونے والے 23 ویں سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے کنونشن سینٹر اسلام آباد میں عالمی رہنماؤں کی آمد شروع ہو گئی ہے، وزیراعظم محمد شہباز شریف مہمانوں کا استقبال کر رہے ہیں۔

عالمی رہنماؤں اور مندوبین کی کنونشن سینٹر آمد کا سلسلہ جاری، ایس سی او سیکریٹری جنرل، ایران کے وزیرصنعت سید محمد اتابک،

منگولیا کے وزیراعظم ایون اردین، بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر، ترکمانستان کے وزیر خارجہ راشد میر یدوف بھی کنونشن سینٹر اسلام آباد پہنچ گئے، وزیراعظم شہباز شریف نے ان کا استقبال کیا۔

اس کے بعد قازقستان کے وزیراعظم اولژاس بیک تینوف بھی کانفرنس ہال پہنچ گئے۔

سرکاری خبر رساں ادارے ’اے پی پی‘ کی رپورٹ مطابق روسی وزیراعظم میخائل مشوستن اور ازبکستان کے وزیراعظم عبداللہ اریپوف بھی پاکستان پہنچ گئے تھے،

نور خان ایئر بیس پر وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے روسی وزیراعظم کا استقبال کیا، اس موقع پر روایتی لباس میں ملبوس بچوں نے معزز مہمان کوگلدستے پیش کیے۔

ایران کے وزیر صنعت کان کنی و تجارت سید محمد اتابک بھی شنگھائی تعاون تنظیم سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے اسلام آباد پہنچ گئے۔

آج علی الصبح ازبکستان کے وزیراعظم عبداللہ اریپوف بھی پاکستان پہنچ گئے، وفاقی وزیر اویس لغاری نے نور خان ایئر بیس پر ان کا استقبال کیا۔

اجلاس کی اہمیت اور دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعلقات کے تناظر میں معزز مہمان کا ریڈ کارپٹ استقبال کیا گیا، دونوں رہنمائوں کے درمیان خیرسگالی کے کلمات کا اظہار بھی کیا گیا۔

کانفرنس میں شرکت کے لیے آنے والے سربراہان مملکت اور غیرملکی وفود کے استقبال کے لیے شہر بھر کو رنگ برنگی روشنیوں اور پھولوں اور ایس سی او کے رکن ممالک کے جھنڈوں سے سجایاگیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق سربراہی اجلاس میں تنظیم کے بجٹ کی منظوری دی جائے گی اور رکن ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون سے متعلق اہم مسائل پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

اجلاس میں 8 رکن ممالک کے سربراہان مملکت شرکت کر رہے ہیں جبکہ ایران اور بھارت کی نمائندگی ان کے وزیر تجارت اور وزیر خارجہ کریں گے،

ایران کے نائب صدر محمد رضا عارف کو آخری لمحات میں دستبردار ہو گئے، جس کی وجہ بدلتے ہوئے علاقائی حالات کی وجہ سے تہران میں ان کی موجودگی کی ضرورت ہے۔

منگولیا مبصر کی حیثیت سے شرکت کر رہا ہے جبکہ ترکمانستان کو بطور خصوصی مہمان مدعو کیا گیا ہے،

اس تقریب میں بین الاقوامی تنظیموں کے نمائندے بھی شامل ہیں، جن میں ’کانفرنس آن انٹرایکشن اینڈ کانفیڈنس بلڈنگ میچرز اِن ایشیا‘، ’آزاد ریاستوں کی دولت مشترکہ‘، اور ’یورپین اقتصادی برادری‘ شامل ہے۔

سمٹ کا آغاز وزیر اعظم شہباز کے افتتاحی خطاب سے ہوگا، جو سربراہی اجلاس کی صدارت کریں گے، اس کے بعد غیر ملکی معززین کی تقاریر ہوں گی، سیشن کا اختتام دستاویز پر دستخط کی تقریب کے ساتھ ہوگا۔

About Aftab Ahmed

Check Also

ملک کاروبار دوست نہیں رہا: پاکستان بزنس فورم

پاکستان بزنس فورم نے سال 2024 کو بزنس کمیونٹی اور عوام کے لیے مشکل ترین …