پاکستان نے انگلینڈ کے خلاف کل سے ملتان میں شروع ہونے والی سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ کے لیے اپنی پلیئنگ الیون کا اعلان کردیا۔
انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ کے لیے پاکستان نے اپنی 11 رکنی پلیئنگ الیون کا اعلان کر دیا، پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستان ٹیم 3 فاسٹ بولر اور ایک ریگولر اسپنر کے ساتھ میدان میں اترے گی۔
پاکستان کی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان شان مسعود نے میچ سے قبل ملتان میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے میچ کے لیے ٹیم کا اعلان کیا۔
ٹیم میں کپتان شان مسعود، سعود شکیل، بابر اعظم، صائم ایوب اور عبداللّٰہ شفیق ٹیم میں شامل ہیں، اس کے علاوہ محمد رضوان، سلمان علی آغا، شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ، عامر جمال اور ابرار احمد بھی پلیئنگ الیون کا حصہ ہیں۔
کپتان شان مسعود کا کہنا ہے کہ انگلینڈ بین اسٹوکس کے بغیر بھی کھیلی ہے، ان کی متوازن ٹیم ہے، انگلینڈ کو اسٹوکس کا نقصان ضرور ہو گا لیکن ان کی پلیئنگ الیون اچھی ہے، اسٹوکس دنیا کے بہترین آل راؤنڈر ہیں۔
شان مسعود نے کہا کہ ہمیں اپنی مضبوط کرکٹ کھیلنا ہے، ہم ماضی میں قریب آ کر ہارتے رہے ہیں، ہماری یہ بیسٹ پلیئنگ الیون ہے، عامر جمال کے آنے کا فائدہ ہو گا، تسلسل لانے کے لیے بیٹنگ لائن کو برقرار رکھا ہے۔
کپتان نے کہا کہ ٹیسٹ میچ پانچ دن کا کھیل ہے، اس لیے آپ حکمت عملی ایک نہیں رکھ سکتے، عامر جمال نے آسٹریلیا میں اچھا پرفارم کیا ہے اس لیے 8 نمبرتک بیٹنگ کی، انگلینڈ کے پاس اچھے سیمرز ہیں، ہم غلط اندازہ نہیں لگا سکتے فاسٹ بولرز میں ورک لوڈ مینجمنٹ کے لیے روٹیشن پالیسی لانا پڑتی ہے۔ بیٹرز کی صورتحال تھوڑی مختلف ہوتی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز انگلینڈ نے بھی پاکستان کے خلاف پہلے ٹیسٹ کے لیے پلیئنگ الیون کا اعلان کر دیا تھا۔
انگلینڈ کے کپتان بین اسٹوکس ہیمسٹرنگ انجری سے مکمل طور پر صحتیاب نہیں ہو سکے اس لیے پہلے ٹیسٹ میچ میں ٹیم کو ان کی خدمات میسر نہیں ہوں گی۔
بین اسٹوکس کی عدم دستبابی کے باعث انگلینڈ کی ٹیم کی قیادت قائم مقام کپتان اولی پوپ کریں گے جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں زیک کرالی، بین ڈکٹ، جو روٹ، ہیری بروک، جیمی اسمتھ(وکٹ کیپر)، کرس ووکس، گس اٹکنسن، برائیڈن کارس(ڈیبیو)، جیک لیچ اور شعیب بشیر شامل ہیں۔