google.com, pub-3199947851844297, DIRECT, f08c47fec0942fa0 بھارتی وزیر خارجہ کا دورہ پاکستان میں دوطرفہ مذاکرات کا امکان مسترد - UrduLead
پیر , دسمبر 23 2024

بھارتی وزیر خارجہ کا دورہ پاکستان میں دوطرفہ مذاکرات کا امکان مسترد

 بھارت کے وزیرخارجہ سبرامینم جے شنکر نے پاکستان میں شیڈول شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے سربراہی اجلاس میں شرکت کے دوران دو طرفہ مذاکرات کے امکان کو مسترد کردیا۔

رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق بھارت کے وزیرخارجہ جے شنکر نے نئی دہلی میں ایک تقریب میں پاک-بھارت تعلقات سے متعلق سوال پر کہا کہ مجھے توقع ہے کہ میڈیا کی بھرپور توجہ ہوگی کیونکہ تعلقات کی نوعیت ایسی ہے لیکن میں کہنا چاہتا ہوں یہ اجلاس کثیرالملکی ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ میں وہاں پاکستان اور بھارت کے درمیان تعلقات پر بات کرنے کے لیے نہیں جا رہا ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ میں وہاں ایس سی او کے رکن ملک کی حیثیت سے جا رہا ہوں لیکن میں ایک سنجیدہ اور مہذب شہری ہوں تو میں اسی طرح کا رویہ اپناؤں گا۔

خیال رہے کہ بھارت کی وزارت خارجہ نے گزشتہ روز تصدیق کی تھی کہ وزیرخارجہ جے شنکر ایس سی او اجلاس میں شرکت کے لیے اسلام آباد جائیں گے جو 15 اور 16 اکتوبر کو شیڈول ہے۔

بھارتی وزارت خارجہ نے جے شنکر کے دورے کے موقع پر پاکستانی رہنماؤں سے ملاقات کے حوالے سے کوئی وضاحت نہیں کی تھی۔

اس سے قبل پاکستان کی وزارت خارجہ نے تصدیق کی تھی کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو ایس سی او کونسل کے اجلاس میں شرکت کی دعوت دی گئی تھی۔

ترجمان وزارت خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ کا کہنا تھا کہ بھارتی وزیراعظم نریندرمودی کو اجلاس میں شرکت کے لیے دعوت نامہ بھیج دیا گیا تھا اور چند ممالک نے اجلاس میں شرکت کی تصدیق کردی ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان تعلقات طویل عرصے سے معمول پر نہیں ہیں لیکن 2019 میں پیش آنے والے واقعات کے بعد دونوں ممالک کے تعلقات انہتائی کشیدہ رہے ہیں۔

About Aftab Ahmed

Check Also

ملک کاروبار دوست نہیں رہا: پاکستان بزنس فورم

پاکستان بزنس فورم نے سال 2024 کو بزنس کمیونٹی اور عوام کے لیے مشکل ترین …