ایک تازہ تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ سوشل شیئرنگ ایپلی کیشن انسٹاگرام کو نہ صرف معروف شخصیات بلکہ عام صارفین کی جانب سے بھی ڈیٹنگ ایپ کے طور پر استعمال کرنے کے رجحان میں اضافہ ہو رہا ہے۔
انسٹاگرام کو عام طور پر طرز زندگی، خصوصی اور دلچسپ لمحات کو شیئر کرنے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے جب کہ مذکورہ پلیٹ فارم معروف اسپورٹس، شوبز، فیشن اور میڈیا شخصیات میں بھی طرز زندگی کے لمحات شیئر کرنے کی وجہ سے مقبول ہے۔
اگرچہ دیگر پلیٹ فارمز کی طرح انسٹاگرام میں بھی ڈائریکٹ میسیج (ڈی ایم) کا آپشن موجود ہے اور ہر پلیٹ فارم کی طرح یہاں پر بھی صارفین ایک دوسرے کو میسیجز کرتے ہیں لیکن ایک تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ پلیٹ فارمز پر زیادہ تر ڈی ایم رومانوی ہوتے ہیں۔
ویب سائٹ بزنس انسائیڈر کے مطابق خصوصی طور پر انسٹاگرام کے ڈی ایم اور اسٹوریز کو لوگ رومانوی تعلقات استوار کرنے کے ذریعے کے طور پر استعمال کرتے دکھائی دیتے ہیں۔
زیادہ تر صارفین مخالف جنس کے انسٹاگرام صارف کے ساتھ ڈی ایم پر رومانوی باتیں کرتے ہیں، اگر ان کے درمیان تعلقات اور دوستی نہ بھی ہو تو بھی اسٹوریز پر ایک دوسرے کو ڈیجیٹل فلرٹ کرتے دکھائی دیتے ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ انسٹاگرام کی مالک کمپنی میٹا بھی اس بات سے واقف ہے کہ دنیا بھر میں انسٹاگرام کو ڈیٹنگ ایپ کے طور پر استعمال کرنے کے رجحان میں اضافہ ہو رہا ہے اور کمپنی اس ضمن میں مزید آسانیاں پیدا کرنے میں بھی مصروف ہے۔
کمپنی چاہتی ہے کہ انسٹاگرام ڈی ایم اور اسٹوریز کو بات چیت کے لیے مزید آسان اور بہتر بنایا جائے تاکہ لوگوں کو ایک دوسرے کے ساتھ اپنے جذبات شیئر کرنے میں آسانی ہو۔
ساتھ ہی انسٹاگرام کی خواہش ہے کہ ایپلی کیشنز کے ڈی ایم اور اسٹوریز کو اتنا محفوظ بنایا جاسکے کہ کوئی کسی کو نامناسب پیغام نہ بھیج سکے اور کوئی ٹرولنگ و بلیک میلنگ کا نشانہ نہ بنے۔
علاوہ ازیں انسٹاگرام پر متعدد معروف شخصیات اور کانٹنیٹ کریئیٹرز کی جانب سے ڈیٹنگ کمیونٹیز بھی بنائے جانے کے رجحان میں تیزی دیکھی جا رہی ہے، جہاں صارفین رومانوی موضوعات پر تبادلہ خیال کرتے دکھائی دیتے ہیں۔