پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے تمام فارمیٹس کے کپتانوں کو تبدیل نہ کرنے کا عندیہ دیا ہے۔
کنیکشن کیمپ اختتام پذیر ہونے کے بعد لاہور کے مقامی ہوٹل میں پی سی بی کے کوچز اور عہدیداران نے پریس کانفرنس کی۔
پی سی بی کنیکشن کیمپ میں کھلاڑیوں کو اپنے کپتانوں کو سپورٹ کرنے اور متحد ہوکر کھیلنے کا پیغام دیا گیا اور کہا گیا کہ کپتان کوئی بھی ہو کسی بھی فارمیٹ کا ہو تمام کھلاڑی اسے سپورٹ کریں، کامیابی اسی صورت میں ممکن ہوگی جب تمام کھلاڑی ایک ٹیم ہوکر کھیلیں گے۔
کنیکشن کیمپ میں کھلاڑیوں کو بتایا گیا کہ آپ سب کھلاڑی تینوں فارمیٹ لمبا کھیل سکتے ہیں، آپ نے ہی اتحاد قائم کرنا ہے۔
کنیکشن کیمپ میں پی سی بی کی جانب سے کھلاڑیوں کو پیغام دیا گیا کہ کسی کھلاڑی کو ڈراپ ہونے اور کپتانی سے ہٹانے کا خوف نہیں ہونا چاہیے۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے بھی اتحاد کو یقینی بنانے پر زور دیا۔
ذرائع کے مطابق پی سی بی دو رکنی کمیٹی بنائے گا جس کا منیجمنٹ سے تعلق نہیں ہوگا، کھلاڑی اپنے مسائل کمیٹی کو بتائیں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کیمپ میں کھلاڑیوں نے انٹرنیشنل، ڈومیسٹک کرکٹ ڈیپارٹمنٹ پر تحفظات کا اظہار کیا۔
کھلاڑیوں نے کہا کہ انٹرنیشنل ڈیپارٹمنٹ کے درمیان رابطے کا فقدان ہے، ڈومیسٹک کرکٹ کے شعبے کا بھی کھلاڑیوں کے ساتھ رابطہ کم ہے۔
کیمپ میں کھلاڑیوں کی کوچز سے علیحدہ ملاقات بھی ہوئی، کھلاڑیوں نے کوچز سے ورک لوڈ منیجمنٹ اور سلیکشن کی واضع پالیسی پر گفتگو کی۔