وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان کو تینوں فارمیٹ کے لیے پاکستان کرکٹ ٹیم کا کپتان بنائے جانے کا امکان ہے تاہم حتمی فیصلہ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی، کوچز، مینٹورز اور سلیکشن کمیٹی سے مشاورت کے بعد کریں گے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے کپتانی سمیت دیگر فیصلوں کے لیے 22 ستمبر کو اہم اجلاس طلب کرلیا۔
اجلاس میں ریڈ بال کوچ جیسن گلیپسی، وائٹ بال کوچ گیری کرسٹن، ہائی پرفارمنس کوچ ٹم نیلسن، اسسٹنٹ کوچ اظہر محمود سمیت دیگر تمام کوچز اور بورڈ آفیشلز شرکت کریں گے۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ اجلاس میں کوچز سے کپتان کی تبدیلی پر مشاورت ہوگی اور ان کی تجاویز کی روشنی میں قومی ٹیم کے ریڈ بال اور وائٹ بال کی کپتانی سمیت دیگر اہم فیصلے متوقع ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ممکنہ طور پر وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان کو تینوں فارمیٹ کی کپتانی ملنے کا امکان ہے۔
اس حوالے سے اجلاس میں مشاورت اور کوچز کا اتفاق ہونے پر اعلان متوقع ہے جب کہ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے بھی واضح کیا ہے کہ قومی ٹیم کے کپتان کا فیصلہ کوچز، مینٹورز اور سلیکشن کمیٹی سے مشاورت کے بعد کریں گے۔