میٹرو بس سروس بند
اسلام آباد میں پاکستان تحریک انصاف کے جلسے کی وجہ سے سنگجانی کے مقام پر کنٹینر رکھ کر جی ٹی روڈ کو دونوں اطراف سے ٹریفک کیلیے بند کردیا گیا۔
جلسے کے باعث اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ کی ہدایت پر سکیورٹی ریڈ الرٹ کردی گئی ہے جبکہ امن وعامہ کی صورتحال کو برقرار رکھنے کے لیے مختلف مقامات پر کنٹینرز پہنچا دیے گئے ہیں۔
ریڈ زون کے تمام داخلی اور خارجی راستوں کو کنٹینرز کی مدد سے بند کیا گیا ہے، ریڈ زون میں داخلے کے لیے متعلقہ افراد کو مارگلہ روڈ کے راستے سے جانے کی اجازت ہوگی۔
موٹر وے 26 نمبر چونگی پر اسلام آباد کے داخلی راستے بند کردیے گئے ہیں، ایکسپریس وے کھنہ پل کے مقام پر کنٹینر لگادیے گئے۔
مری روڈ کو فیض آباد کے مقام پر کنٹینر لگاکر بند کیا گیا ہے، روات ٹی چوک سے راولپنڈی آنے والے راستوں کو کنٹینر لگاکر بند کردیا گیا۔
اسی طرح فیض آباد انٹرچینج مکمل طور پر سیل ہے، خیبرپختونخوا اور پنجاب کے بارڈر اٹک خورد پولیس چیک پوسٹ پر کنٹینرز پہنچا دیے گئے۔
اسلام آباد کے علاقے سنگجانی میں پی ٹی آئی کے جلسے کے پیشِ نظر میٹرو بس سروس مکمل بند کردی گئی۔
میٹرو بس انتظامیہ کے مطابق میٹرو بس سروس راولپنڈی صدر اسٹیشن سے پاک سیکریٹریٹ تک بند کی گئی ہے۔
پی ٹی آئی کے جلسے کے پیشِ نظر راولپنڈی اسلام آباد میں سیکیورٹی ہائی الرٹ ہے۔
راولپنڈی کی مرکزی شاہراہ فیض آباد کے مقام پر مکمل سیل کردی گئی ہے جبکہ اسلام آباد ایکسپریس وے کو مختلف مقامات پر ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا۔
اس حوالے سے انتظامیہ کا کہنا ہے کہ جڑواں شہروں کو ملانے والے متبادل راستے کھلے ہوئے ہیں۔