خیبر پختونخوا کابینہ میں ردوبدل
پاکستان تحریک انصاف خیبر پختونخوا میں مزید اختلافات سامنے آ گئے، وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا (کے پی) نے اراکین اسمبلی عاطف خان اور شیر علی ارباب کو پارٹی عہدوں سے ہٹادیا۔
عاطف خان پی ٹی آئی پشاور ریجن کے صدر اور شیر علی ارباب ضلع پشاور کے صدر تھے۔
عاطف خان نے برطرف وزیر شکیل خان کےحق میں بیان دیا تھا جبکہ شیر علی ارباب نے وزیراعلیٰ پر اعتماد سے متعلق اقرار نامے پر دستخط کرنے سے انکار کیا تھا۔
عاطف خان کی جگہ ارباب عاصم کو پی ٹی آئی پشاور ریجن کا صدر مقرر کیا گیا ہے جب کہ عرفان سلیم کو پی ٹی آئی ضلع پشاور کا صدر اور شہاب ایڈووکیٹ کو جنرل سیکرٹری مقرر کیا گیا ہے۔
شیر علی ارباب کا کہنا ہے کہ عہدے سے ہٹانے کی وجوہات کا علم نہیں۔
واضح رہے کہ شکیل خان کے حق میں بیان دینے پر علی امین گنڈاپور نے رکن قومی اسمبلی جنید اکبر کو فوکل پرسن برائے اراکین قومی اسمبلی کے عہدے سے ہٹا دیا تھا۔
دوسری جانب گورنر کے پی فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ شکیل خان کو خیبر پختونخوا حکومت کی کرپشن بے نقاب کرنے پر وزارت سے ہٹایا گیا ہے۔
خیبر پختونخوا کابینہ میں ردوبدل
خیبر پختونخوا کابینہ میں ردوبدل کیا گیا ہے، احتشام علی کو مشیر صحت نامزد کیا گیا ہے، وزیر صحت قاسم علی شاہ سے صحت کا قلمدان لے کر سماجی بہبود کا محکمہ تفویض کیا گیا ہے۔
پیر مصور غازی معاون خصوصی برائے ماحولیاتی تبدیلی نامزد کیے گئے ہیں۔
سہیل آفریدی کو معاون خصوصی سی اینڈ ڈبلیو نامزد کیا گیا ہے۔
نیک محمد معاون خصوصی برائے ریلیف نامزد کیے گئے ہیں جبکہ مزید تبدیلیاں بھی متوقع ہیں۔