پیرس اولمپکس کے گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم نے اپنا اگلا ہدف بتا دیا۔
جیو نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے ارشد ندیم نے کہا ہے کہ اگلا ہدف میرا یہی ہے کہ جیولن تھرو کا ورلڈ ریکارڈ توڑوں، اگلا اولمپکس چار سال بعد ہے، اس سے قبل اور ایونٹ بھی کھیلنے ہیں۔
ارشد ندیم کا کہنا ہے کہ اس گولڈ میڈل اور ریکارڈ تھرو کے پیچھے بہت محنت ہے، میرے کوچ سلمان اقبال بٹ نے مجھ سے بہت محنت کرائی ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں اولمپکس سے قبل انجری کا شکار بھی رہا، 2012ء سے صرف محنت کی جس کا پھل مجھے ملا ہے، جیولن کے ایونٹ کے لیے آپ کو مکمل فٹ ہونا پڑتا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ اس کھیل میں انجری کا اندیشہ رہتا ہے اس لیے فٹنس پر کام کرنا ضروری ہے، لمبی تھرو میں فٹنس اور تکنیک کا کردار ہوتا ہے۔
گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم نے یہ بھی کہا کہ ڈیڑھ دو ماہ آرام کے بعد پھر ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپئن شپ کی تیاری شروع کروں گا، اگر فٹ رہا تو 2032ء اولمپکس کھیلوں گا اور اس میں بھی میڈل ہدف ہو گا۔