google.com, pub-3199947851844297, DIRECT, f08c47fec0942fa0 ملک بھر میں پرچم کشائی و جشنِ آزادی کی تقریبات جاری - UrduLead
پیر , دسمبر 23 2024

ملک بھر میں پرچم کشائی و جشنِ آزادی کی تقریبات جاری

پاکستان سمیت دنیا بھر میں مقیم اوورسیز پاکستانی بھی آج 78 ویں یومِ آزادی کا جشن منا رہے ہیں۔

یومِ آزادی کے موقع پر ملک بھر کے مختلف شہروں میں جشن آزادی کی تقریبات اور پرچم کشائی کا سلسلہ جاری ہے۔

جشنِ آزادی کے موقع پر جہاں تمام صوبوں کے دارالخلافہ میں سیاسی و سماجی، چھوٹی بڑی شخصیات کی جانب سے تقریبات کا انعقاد کیا جا رہا ہے وہیں عوام بھی اپنے تئیں گھروں کو جھنڈیوں سے سجا کر سبز ہلالی پرچم چھتوں پر لہرا رہے ہیں۔

ملک کا سب سے بڑا شہر و معاشی حب کراچی

کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل بابر افتخار نے مزارِ قائد پر حاضری دی۔

جشنِ آزادی کے موقع پر لیفٹیننٹ جنرل بابر افتخار نے مزار قائد پر پھول رکھے اور اور فاتحہ خوانی کی، انہوں نے مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات بھی قلم بند کیے۔

دوسری جانب آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے بھی مزار قائد پر حاضری دی۔

اس دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے آئی جی سندھ کا کہنا تھا کہ پولیس افسران اور اہلکار جانوں کی قربانیاں دے رہے ہیں، عوام کے حفاظت کے پوری کوشش کر رہے ہیں، پولیس بہتر کارکردگی دکھا رہی ہے، جرائم کم ہو رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ شب فائرنگ کے واقعات میں لوگ زخمی ہوئے جو افسوسناک ہے، ہوائی فائرنگ پر 40 افراد کو حراست میں لیا گیا ہے۔

آئی جی سندھ غلام نبی میمن کا کہنا تھا کہ سیف سٹی پروجیکٹ کا پہلا فیز جون تک مکمل کیا جائے گا۔

صوبہ سندھ میں جشنِ آزادی

صوبۂ سندھ کے شہر حیدر آباد میں جشنِ آزادی کی مرکزی تقریب سرکٹ ہاؤس میں منعقد کی گئی۔

حیدر آباد کے میئر، کمشنر، ڈی آئی جی سمیت دیگر افسران نے مل کر پرچم کشائی کی۔

نواب شاہ میں کمشنر سیکریٹریٹ میں جشنِ آزادی کی تقریب کا انعقاد کیا گیا جہاں پرچم کشائی تقریب میں کمشنر، ڈپٹی کمشنر، ڈی آئی جی نے کمشنر سیکٹریٹ میں پرچم کشائی کی تقریب کے بعد شجر کاری مہم میں حصہ لیا۔

اسی طرح شکارپور، میرپورخاص، ٹھٹہ، سانگھڑ، بدین، نوشکی، تھر پارکر، سجاول، لاڑکانہ اور میر پور میں بھی تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔

گورنر KPK فیصل کریم کنڈی کی قوم کو مبارکباد

گورنرہاؤس پشاور میں یومِ آزادی کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

گورنر خیبر پختون خوا فیصل کریم کنڈی نے پرچم کشائی کی، تقریب میں امریکا، ایران اور افغانستان کے قونصل جنرلز نے شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کے دوران  فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ پاک فوج، پولیس اور آرمی پبلک اسکول کے شہداء کو سلام، صوبے میں امن، خوش حالی اور ترقی چاہتے ہیں۔

صوبہ کے پی کے شہر پشاور میں یومِ آزادی پر پشاور ہائی کورٹ میں پرچم کشائی کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ جسٹس اشتیاق ابراہیم نے پرچم کشائی کی۔

یہ کھلی فضا شہداء کی مرہونِ منت ہے: گورنر پنجاب

گورنر پنجاب سلیم حیدر خان نے کہا کہ پوری قوم کو جشن آزادی کی مبارکباد پیش کرتا ہوں، آج جس کھلی فضا میں ہم قومی پرچم لہرا رہے ہیں، یہ شہداء کی مرہون منت ہے۔

گورنر پنجاب کا مزید کہنا ہے کہ ان سپوتوں کو خراجِ تحسین جن کی مائیں اِنہیں سرحدوں پر بھیجتی ہیں، ان بہادر سپوتوں کی وجہ سے ہم سکون سے سوتے ہیں، پاکستان کی آزادی قیامت تک قائم رہے گی، نوجوان نسل میں بہت ٹیلنٹ ہے، وہ اپنا مثبت کردار ادا کریں۔

شہرِ اقتدار اسلام آباد کے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں یوم آزادی کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

یوم آزادی کی تقریب میں وکلا، جج اور پولیس افسران نے پرچم کشائی کی، ضلع کچہری میں پرچم کشائی کے بعد کیک کاٹا گیا۔

راولپنڈی میں سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ میں یوم آزادی کے سلسلے میں تقریب کا انعقاد کیا گیا، تقریب میں چیف انجینئر علاؤالدین خان نے پرچم کشائی کی۔

شہر لاہور میں موٹروے پولیس سینٹرل ریجن میں جشن آزادی کی تقریب منعقد کی گئی۔

ایڈیشنل آئی جی علی احمد صابر کیانی نے یومِ آزادی کا کیک کاٹا۔

ایڈیشنل آئی جی علی احمد کیانی نے کہا کہ جشنِ آزادی منانے کا مقصد نئی نسل میں جذبۂ حب الوطنی پیدا کرنا ہے، یوم آزادی پر خصوصی شجرکاری مہم بھی جا رہی ہے۔

پنجاب کے شہر اٹک میں بھی 78 ویں یومِ آزادی کے موقع پر ضلع کونسل آفس کے لان میں پرچم کشائی کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

پرچم کشائی کی تقریب میں ڈپٹی کمشنر راؤ عاطف، ایم این اے شیخ آفتاب احمد شریک ہوئے، تقریب کا آغاز قومی ترانے سے کیا گیا، ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی اور سائرن بجایا گیا۔

لاہور میں یومِ آزادی کے موقع پر واپڈا ہاؤس میں پرچم کشائی کی تقریب منعقد کی گئی۔

ممبر فنانس واپڈا نوید اصغر چوہدری اور ممبر پاور جمیل اختر نے پرچم کشائی کی، یومِ آزادی کی مناسبت سے خصوصی طور پر تیار قومی پرچم واپڈا ہاؤس پر آویزاں کیا گیا۔

قومی پرچم کی لمبائی 100فٹ جبکہ چوڑائی 40 فٹ اور وزن 180 کلو گرام تھا۔

فیصل آباد میں بھی یومِ آزادی کے موقع پر کمشنر آفس میں پرچم کشائی کی مرکزی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

اسی طرح مظفر آباد میں پاکستان کے 78 ویں یومِ آزادی کے موقع پر ہائی کورٹ گراؤنڈ میں مرکزی تقریب منعقد کی گئی۔

شہرِ پنجاب بھکر کے ڈی سی علی اکبر بھنڈر نے یوم آزادی کے موقع پر ضلع میں 60 ہزار پودے لگائے۔

انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ چک 29 ٹی ڈی اے میں 25 ایکڑ پر 30 ہزار پودے لگائے ہیں، ہر تحصیل میں دس دس ہزار پودے لگائے گئے ہیں، مہم میں طلبہ بھی شریک ہیں۔

پنجاب کے شہر گوجرانوالہ، ننکانہ صاحب، میانوالی، سرگودھا، بہاولپور،  بہاولنگر، کمالیہ، ملتان، حافظ آباد، بورے والا، لودھراں میں بھی تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔

جشنِ آزادی اور بلوچستان

گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل کی جانب سے اہلِ وطن کو یوم آزادی کی مبارکباد دی گئی ہے۔

گورنر بلوچستان نے کہا ہے کہ اپنے مقام اور اپنی قومی شناخت کو پہچاننا ہوگا، نوجوانوں سے قوم کے مستقبل کی امیدیں وابستہ ہیں۔

جشنِ آزادی کے موقع پر حب گڈانی کے ساحل پر ایف سی بلوچستان ساؤتھ کے زیر اہتمام سینڈ آرٹ کے مقابلے کا انعقاد کیا گیا۔

بچوں نے ساحل کی ریت پر خوبصورت اور دیدہ زیب ڈیزائن بنائے، سینڈ آرٹ کے مقابلے میں حصہ لینے والے بچوں کو تحائف بھی دیے گئے۔

دوسری جانب چمن میں پاک افغان سرحد، باب دوستی پر یوم آزادی کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

تقریب میں بلوچستان کی تاریخ کا سب سے اونچا اور بڑا، 60 فٹ لمبا اور 40 فٹ چوڑا پرچم لہرایا گیا۔

باب دوستی سے کوئٹہ چمن شاہراہ پر باب جناح تک کار ریلی بھی نکالی گئی۔

گلگت میں یوم آزادی کی مرکزی تقریب

گلگت میں یومِ آزادی کی مرکزی تقریب تاریخی چنار باغ میں منعقد کی گئی۔

گورنر اور وزیرِ اعلیٰ نے یادگار شہدا پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔

گورنر گلگت بلتستان سید مہدی شاہ نے تقریب سے خطاب کیا۔

سید مہدی شاہ کا کہنا تھا کہ آزادی حاصل کرنے سے زیادہ آزادی کی حفاظت ضروری ہے۔

اسی طرح استور میں بوائز ماڈل اسکول گراؤنڈ میں پرچم کشائی کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

مرکزی تقریب میں وزیرِ داخلہ شمس الحق لون کمشنر اور ڈپٹی کمشنر  نے شرکت کی۔

About Aftab Ahmed

Check Also

ملک کاروبار دوست نہیں رہا: پاکستان بزنس فورم

پاکستان بزنس فورم نے سال 2024 کو بزنس کمیونٹی اور عوام کے لیے مشکل ترین …