محکمہ موسمیات نے منگل کوسندھ، بلوچستان ،خیبرپختونخوا ، جنوبی وبالائی پنجاب ،خطہ پوٹھوہار، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں تیز ہوائوں ،جھکڑ چلنے اور گرج چمک کے ساتھ مزید بارش جبکہ شمال مشرقی وجنوبی بلوچستان، بالائی سندھ ،با لائی خیبرپختونخوا ،شمال مشر قی پنجاب ، خطہ پوٹھوہار اورآزاد کشمیر میں چند مقامات پر موسلادھار بارش کا امکان ظاہر کیاہے۔
شدید بارشوں کے باعث ڈیرہ غازی خان کے پہاڑی علاقوں ، ژوب، بارکھان، موسیٰ خیل، لورالائی، سبی، ہرنائی، کوہلو، ڈیرہ بگٹی، جھل مگسی، نصیر آباد، جعفر آباد،قلات، خضدار،لسبیلہ ، آواران، کیچ، پنجگور جیکب آباد ، قمبر شہداد کوٹ، لاڑکانہ، دادو، جامشورو ، مری، گلیات، مانسہرہ، دیر، سوات، شانگلہ، نوشہرہ، صوابی، اسلام آباد، راولپنڈی، سیالکوٹ، نارووال، جہلم، گجرات اورآزاد کشمیر کے مقامی و بر ساتی ندی نالوں میں طغیانی کا الرٹ بھی جاری کیا گیا ہے۔
شدید بارشوں کے باعث اسلام آباد،راولپنڈی، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، بہاولنگر، بہاولپور، راجن پور، رحیم یار خان،کراچی ، حیدر آباد، ٹھٹھہ، بد ین، سکھر، کشمور، گھوٹکی، شکارپوراورخیرپور کے نشیبی علا قے زیر آب آنے کا اندیشہ ہے۔ اس دوران خیبرپختونخوا کے پہاڑی علاقوں ، مری، گلیات، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں لینڈ سلائیڈنگ کے باعث ٹریفک کی آمدورفت متاثر ہونے کا خطرہ ہے۔
گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سندھ،پنجاب، مشرقی وجنوب مشرقی بلوچستان ، خیبرپختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔