نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی کی رپورٹ کے مطابق ملک بھر میں جاری مون سون کی بارشوں کے دوران 104افراد جاں بحق اور206زخمی ہوگئے ہیں اور مجموعی طور پر 1490گھروں کو نقصان پہنچا ہے۔
این ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ ایک ماہ سے جاری طوفانی بارشوں میں ملک کے مختلف علاقوں میں حادثات کے باعث 104افراد جاں بحق اور 216زخمی ہو ئے ہیں اور طوفانی بارشوں سے490گھروں کو نقصان پہنچا اور 118مویشی سیلاب کی نذر ہو گئیں۔
رپورٹ کے مطابق مون سون کی طوفانی بارشوں سے سب سے زیادہ اموات 39پنجاب میں ہوئیں، خیبر پختونخوا میں 34، سندھ میں 22، بلوچستان میں 5، آزاد کشمیر میں 3اور گلگت بلتستان ایک شخص کے جاں بحق ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔
بارشوں کے دوران مختلف حادثات میں پنجاب میں 113، خیبر پختونخوا میں 79، آزاد کشمیر میں 11، بلوچستان میں 9اور سندھ میں 3افراد زخمی ہوئے۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ ملک بھر میں گزشتہ ایک ماہ کے دوران طوفانی بارشوں سے 126گھر منہدم اور 364کو جزوی نقصان پہنچا، خیبر پختونخوا میں 382گھر، پنجاب میں 61، گلگت بلتستان میں 22، سندھ میں 13، آزاد کشمیر میں 7اور بلوچستان میں 5گھر متاثر ہوئے۔